پاکستان میں مثبت تبدیلی کے لئے ہر محب وطن اپنا کردار ادا کرے۔ غضنفر کھوکھر

آنے والی نسلوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا

پاکستان عوامی تحریک فیڈرل ایریا کے جنرل سیکرٹری غضنفر کھوکھر نے کہا ہے کہ پاک سرزمین میں سرمایہ دار، جاگیردار اپنے ہی شہریوں کو لوٹ رہے ہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں میں مختلف حربوں سے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔ سابقہ اور موجودہ حکمران ملی بھگت سے قومی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں، جبکہ عوام خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک کروڑ نمازیوں کی تیاریوں میں مصروف مصطفوی کارکنان کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اور منزل کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ایک قوم بن کر اپنے اور اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے نکلناہوگا۔ جس دن عوام ایک قوم بن کر نکل آئے فرسودہ اور کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑکر پھینک دیاجائے گا۔ موجودہ نظام سے چھٹکارا اب وقت کی ضرورت بن چکاہے اگر اب بھی قوم اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے نہ نکلی تو آنے والا وقت اور آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رائج سرمایہ دارانہ، جاگیردارانہ، استحصالی سیاسی نظام ہی تمام مسائل کی جڑ ہے۔ اس سیاسی و انتخابی نظام کی بنیاد ہی ظلم اور ناانصافی پر مبنی ہے، جب تک اس نظام کاخاتمہ نہیں ہو جاتا ملک ترقی کی جانب رواں دواں نہیں ہوسکتا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن کے مطابق ملک میں 35 صوبوں کا قیام ہی مسائل کا حل ہے، جس سے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے عوام کو ان کے بنیادی حقوق ان کی دہلیز پر مل سکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top