سرگودھا: ایم ایس ایم کے زیراہتمام امید پاکستان طلبہ کنونشن

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ’’امید پاکستان طلبہ کنونشن‘‘ کا 31 اکتوبر کو انعقاد کیا گیا، جس میں صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔ کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر چوہدری عرفان یوسف مرکزی صدر MSM، رضی طاہر مرکزی نائب صدر MSM، ثمر عباس ڈویژنل کوآرڈینیٹر MSM، خواجہ احسن ضلعی صدر MSM، مبین ملک تحصیل صدر MSMسرگودھا، عاطف شہزاد صدر MSM یونیورسٹی آف سرگودھا، علی عباس شاہ صدر MSM سرگودھا شرقی، حافظ احمد بلال صدر MSM شاہ پور اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی شریک تھے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر PAT شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ طلبہ معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتے ہیں مگر بدقسمتی سے کسی بھی حکومت کی ترجیح میں طلبہ کے استحصال کا خاتمہ اور مستقبل کی پلاننگ نہیں رہی۔ نظام تعلیم فرسودہ ہو چکا اور ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے۔ اس ماحول میں ایم ایس ایم اپنی قیادت کے زیر سایہ علم اور امن کے فروغ کیلئے مصروف کار ہے۔ ہمارا بنیادی مقصد پاکستان کو ظالمانہ سیاسی نظام سے چھٹکارا دلانا ہے جس کا شکار پاکستان کے طالب علم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ہی پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں لہذا حالات کا تقاضا ہے کہ آپ احساس ذمہ داری کرتے ہوئے آگے بڑھتے چلے جائیں، ان شاء اللہ منزل قریب ہے۔

مرکزی صدر MSM چوہدری عرفان یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایم علم اور امن کی داعی ملک کی سب سے بڑی طلبہ تنظیم ہے۔ ہماری منزل مصطفوی انقلاب ہے۔ ہمارا مطمع نظر در و دیوار پہ قبضہ نہیں ہے ہم دلوں کو فتح کرتے ہیں۔

کنونشن سے نائب صدر MSM پاکستان رضی طاہر نے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس ایم کے تمام کارکنان کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ہم حالات کے دھاروں پر بہہ جانے والے نہیں ہیں بلکہ ہماری نظر اپنے مقصد پر ہے اسی کی خاطر ہم بڑھتے جائیں گے اور ان شاء اللہ منزل کو پا کر دم لیں گے۔ حافظ ثمر عباس اور خواجہ احسن نے بھی خطاب کیا اور طلبہ کو ایم ایس ایم کا پیغام دیا۔ اختتام پر اللہ کے حضور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top