وزیر اعظم نے دورہ امریکہ میں سرے سے ڈرون حملے رکوانے کی بات ہی نہیں کی۔ ڈاکٹر طاہر القادری

چکوال () بیدارئ شعور فیز 2 کے سلسلہ کا ورکرز کنونشن لاہور سمیت پورے پاکستان کے ہر تحصیل ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا جس سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے براہ راست خطاب کیا۔ کنونشن کا انعقاد ابن سینا ماڈل سکول میں کیا گیا جس میں وابستگان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہم بڑے انہماک سے اپنی منزل انقلاب کی طرف بڑھ رہے ہیں اور سیاسی اور موجودہ حالات نے ہماری باتوں کو سچ کر دکھایا ہے۔ لوٹ مار، بدامنی، دہشتگردی اور کرپشن اپنے عروج پر ہے۔ ادارے تباہ و برباد ہوگئے ہیں اور انہیں دھڑا دھڑ بیچا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے اثاثہ باہر منتقل کر کے وہاں جائیدادیں بڑھا رہے ہیں۔ عوام سے مکمل جھوٹ بولا جا رہا ہے۔

ڈرون حملے کے متعلق انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے دورہ امریکہ میں سرے سے ڈرون حملہ رکوانے پر بات ہی نہیں کی۔ کیونکہ امریکی صدر کی ملاقات سے پہلے ایک میٹنگ کا ایجنڈا جاری ہوتا ہے جو کہ آپ www.whitehouse.gov پر دیکھ سکتے ہیں کہ سرے سے ڈرون حملے کا پوائنٹ اس ایجنڈے میں شامل ہی نہیں تھا۔ آج صرف عوام کو دھوکہ دینے کے لیے جھوٹا شور مچایا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارکن مزید یونٹ کی سطح تک مصطفوی کا رکن بیدارئ شعور فیز 2کے پروگرام کو عوام تک پہنچائیں اور 100 افراد کے ساتھ ساتھ 10 نقباء بنائیں۔ ایک کروڑ نمازی میں سے لاہور کے لئے 10 لاکھ نمازی اور ضلع چکوال کے لئے ایک لاکھ پرامن نمازی تیار کریں جس کے مظاہرہ میں 12 ربیع الاول کی رات کو انڈیا بنگلور سے دیکھوں گا۔ کیونکہ 12 ربیع الاول کی رات کو پورے پاکستان کے ہر تحصیلی ہیڈ کوارٹر پر اجتماع ہو گا اور وہاں آپ اپنے ان پرامن انقلابیوں کا منظر دنیا کو دکھائیں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ آپ آگے سے آگے بڑھتے چلیں آپ کی منزل ان شاء اللہ بہت نزدیک ہے۔ آپ آگے آئیں جب میں انقلاب کی کال دوں گا جو کسی بھی وقت ہوسکتی ہے۔ آپ اپنے آپ کوتیار رکھیں تو پھر یہ سارے شیاطین ملک چھوڑکر بھاگ جائیں گے اور پاکستانی قوم ایک نئی انقلابی قوم بن کی ابھرے گی۔

اس موقع پر حاجی عبد الغفور شیخ، ڈاکٹر سہیل جنجوعہ، حافظ محمد خان، محمد احسان سنی، حاجی محمد صابر غلام رضا اعوان، ملک نذر حسین، حاجی محمد صابر، باقر قریشی، ہارون حیدراور دیگر عہدیداران اور وابستگان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top