حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم سے سمجھوتہ نہ کرنے کا عظیم درس دیا۔ علامہ لطیف مدنی

غم حسین علیہ السلام امت مسلمہ کے ایما ن کا حصہ ہے
تحریک منہاج القرآن کے ناظم دعوت علامہ لطیف مدنی کا پیغام حسین کانفرنس سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے ناظم دعوت علامہ محمد لطیف مدنی نے کہا ہے کہ غم حسین علیہ السلام امت مسلمہ کے ایما ن کا حصہ ہے۔ حضرت امام حسین امن، سلامتی اور محبت کے رجل عظیم ہیں جبکہ یزید بدی، دہشت گردی، ظلم اور استحصال کا نمائندہ تھا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم سے سمجھوتہ نہ کرنے کا عظیم درس دیا۔ کربلا کے میدان سے حسینیت اور یزیدیت کے مثبت اور منفی دو نظریات کا اجرا ہوا اور قیامت تک یزیدی فکر کے نمائندے شکست سے دو چار ہوتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ غوثیہ القادریہ النور ٹاؤن والٹن روڈ میں پیغام حسین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے قائدین فاروق علوی، پرویز بٹ، شفیق عثمان، منصور علوی اور علامہ عبد الغفار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کی بیعت سے انکار کر کے قیامت تک کی انسانیت کو پیغام دیا کہ اصولوں پر قربان ہوجانے والا ابد تک زندہ رہتا ہے اور وقت کا آمر بظاہر جیت کر بھی ہار جاتا اور قیامت تک لعنت اسکا مقدر بنادی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یزید نے اسلام کی تعلیمات کو مسخ کرنے کی کوشش کی جو امام حسین علیہ السلام کو گوارہ نہ ہوا اور انہوں نے اپنے خاندان کی قربانی دے کر اسلام کو ہمیشہ کیلئے زندہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین کے عمل سے صبر و رضا، استقامت اور قربانی کے عظیم رویوں نے جنم لیا اور آج ساری انسانیت ان مثبت رویوں سے فیض یاب ہو رہی ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام آج غیر مسلموں کیلئے بھی اتنے ہی معزز ہیں جتنے مسلمانوں کیلئے۔ ایسا اس لیے ہے کہ انہوں نے اپنے عمل سے انسانیت کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top