حیدرآباد: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام فکر حسین علیہ السلام کانفرنس

تحریک منہاج القرآن حیدر آباد کے زیراہتمام مصطفی جامع مسجد لطیف آباد نمبر 5 میں فکر حسین علیہ السلام کانفرنس منعقد ہوئی جس سے مرکزی نائب ناظم دعوت علامہ حافظ سعیدالحسن طاہر نے قرآن وحدیث کی روشنی میں مفصل وجامع خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا بعد ازاں حضرت امام حیسن علیہ السلام کی بارگاہ میں منقبت پیش کی گئی۔

علامہ سعید الحسن طاہر نے اپنے خطاب میں امام عالی مقام علیہ السلام کی معاملہ فہمی وبصیرت پراظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کی پروقار رونقیں، بہاریں اور حج جیسی عظیم عبادت کو قربان کر کے حجاز مقدس کی عظمت کو جہاں برقرار رکھا وہیں اسلام کی تعلیمات کواس کی اصل روح میں زندہ جاوید رکھنے کے لئے اپنی اور اپنے خانوادے واصحاب کی قربانی اس صبر و استقلال سے دی کہ رہتی دنیا تک جس کی کوئی نظیر نہیں دی جا سکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یزید لعین نے امام عالی مقام علیہ السلام کو مذہبی عبادات کی بجاآوری سے نہیں روکا تھا کیونکہ وہ کہتا تھا کہ مسجد، منبر، تبلیغ امام عالی مقام علیہ السلام اور آپ کے رفقاء کرتے رہیں مگر میری فاسق اور فاجر حکمرانی پر اعتراض نہیں کریں اگر امام عالی مقام علیہ السلام اس کی اس سوچ پر گوشہ نشین ہوجاتے تو ہر فاسق و فاجر، نااہل کی بیعت وحکمرانی کواک جواز مل جاتا اور دین مبین کی روح مردہ ہو جاتی۔ امام عالی مقام علیہ السلام نے اپنی جان دے کر دین کو حیات جاوداں بخش دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین علیہ السلام اور یزید اب صرف شخصیات کا نام نہیں بلکہ اب حق وصداقت کا نام حسینیت اور مکر وفریب یزیدیت کا استعارہ بن گئے ہیں۔ اب ہمیں اپنے اعمال کو پرکھنا ہوگا کہ ہم کس کے پیروکار بنے ہوئے ہیں اور اگر امام عالی مقام علیہ السلام کی وفاداری کا دم بھرتے ہیں تو اس کا حق ہے کہ ہم یزیدی ظالمانہ نظام کوہمیشہ کے لئے دفن کر کے حسینی کردار ادا کرتے ہوئے نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نفاذ کے لئے عملی جدوجہد کرنے کے لئے اپنے مفاد کی قربانی دے کر مصطفوی انقلاب کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امامت میں نماز انقلاب کاحصہ بنیں اور اس ملک وملت کا مستقبل تابناک بنا دیں۔

کانفرنس کے اختتام پر درود وسلام ہوا اور رقت انگیز دعا کے بعد شرکاء میں لنگر حسینی تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top