سیاست پر قابض خاندان اس وقت سے ڈریں جب پاکستان کا ہر شہر لاکھوں افراد سے اٹ جائے گا۔ شیخ زاہد فیاض

جماعت قائم ہونے کی دیر ہے پاکستان کی سیاست کا جغرافیہ کلیتاً تبدیل ہو جائے گا
حکومت کی کارکردگی غریبوں کیلئے مسائل کا گراف بڑھانے سے عبارت ہے
شیخ زاہد فیاض کی پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ موجودہ انتخابی نظام ہمیشہ ایسی پارلیمنٹ تشکیل دیتا ہے جسکے اراکین کی غالب اکثریت کے سینے میں دل کی بجائے پتھر ہوتے ہیں۔ کرپٹ نظام ایسے طبقے کیلئے اقتدار کے دروازے کھولتا ہے جنکا عوام سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ سیاست پر قابض خاندان اس وقت سے ڈریں جب پاکستان کا ہر شہر لاکھوں افراد سے اٹ جائے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں ہونے والی جماعت قائم ہونے کی دیر ہے پاکستان کی سیاست کا جغرافیہ کلیتاً تبدیل ہو جائے گا۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر احمد نواز انجم، رانا محمد ادریس، محمد رفیق نجم، ساجد محمود بھٹی اور شعیب طاہر بھی موجود تھے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ گیس کا بحران، ہوشرباء مہنگائی کے باعث دو وقت کے کھانے سے محروم عوام سے روزگار بھی چھین چکا ہے۔ موجودہ حکومت کی اب تک کی کارکردگی غریبوں کیلئے مسائل کا گراف اور مایوسی بڑھانے سے عبارت ہے۔ مہنگائی کے بحران کی موجودہ صورتحال سے عوام کی آنکھیں اُبل پڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے اصل دشمن کو پہچانیں جو موجودہ انتخابی نظام کی صورت میں موجود ہے اور اسکے تحت ہونے والے الیکشن کبھی بھی قوم کا مقدر نہ بدل سکیں گے۔ عوام کو اپنی حالت خود بدلنے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہونا ہو گا۔ استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد ہی ایسا راستہ ہے جو عوام کی مشکلات کو ہمیشہ کیلئے ختم کر سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top