تحریک منہاج القرآن عباس پور آزادکشمیر کے زیر اہتمام درس عرفان القرآن

تحریک منہاج القرآن تحصیل عباس پور کے زیر اہتمام مورخہ 26 نومبر بروز منگل کو نواں درس عرفان القرآن (بعنوان پیغام امام حسین کانفرنس) منعقد ہوا

درس قرآن میں عوام و خواص نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ یہ پروگرام جامعہ مسجد کنولی چھاترہ میں ہوا۔ اس عظیم الشان درس عرفان القرآن کی صدارت علامہ محمد منشاء خان نقشبندی قادری خطیب اعظم جامع مسجد ٹانڈہ گھمیر نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی علامہ یاسر نسیم نقشبندی ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن پاکستان تھے۔ ان کے علاوہ حضرت علامہ مولانا محمد بشیر چشتی، قاری محمد لطیف القادری، قاری محمد فاروق خان قادری صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل عباس پور، تحصیل ناظم حافظ آفتاب قادری، سینیئر نائب صدر ضیاء الحق قمر، شامل ہیں۔

مہمان خصوصی نے پیغام امام حسین کے موضوع پر نہایت ہی محققانہ خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قربانی امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے۔ ہمیں اسوہءِ شبیری اپنا کر اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا کرنا چاہیے۔

علامہ نے کہا کہ اگر آج بھی پاکستان کے عوام امام حسین علیہ السلام کے راستے پہ چلتے ہوئے دین محمدی کی خاطر اٹھ کھڑے ہوں اور قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ساتھ دیں تو وہ وقت دور نہیں کہ ملک سے یہ لاقانونیت اور یزیدیت کا دور ختم ہو جائے۔ آپ نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کرامت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے درد کو سمجھیں اور احیائے دین کی خاطر آگے بڑھیں اورتحریک منہاج القرآن سے منسلک ہو کراسوہءِ شبیری اپناتے ہوئے قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پیروی میں مصطفوی انقلاب کے لئے اٹھ کھڑے ہوں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب اس ملک میں مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔

بعدازاں مہمان خصوصی نے منہاج ماڈل سکول عباس پور کا بھی دورہ کیا۔ منہاج ماڈل سکول کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کلاسز کا بھی وزٹ کیا اور سٹاف ممبران کو بھی علم کی اہمیت پر لیکچر دیا۔ اور آخر میں خصوصی دعا کی کہ یہ نونہال بڑے ہو کر ملک وقوم کا سرمایہ بنیں اور سچے عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بن کر مصطفوی انقلاب کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top