کوئٹہ: تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران کی پیر سیدحبیب سلطان قادری سے ملاقات

تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کوئٹہ سفر انقلاب میں ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے پیغام کو مؤثر شخصیات تک پہنچانے کے لیے مصروف ہے۔ اس سلسلہ میں تحریک منہاج القرآن ڈسٹرکٹ کوئٹہ اور پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران نے آستانہ عالیہ حضرت پیر سید یوسف غازی قادری چشتی  ہدہ روڈ کوئٹہ کے سجادہ نشین پیر سیدحبیب سلطان قادری چشتی سے ملاقات کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا پیغام پہنچایا۔

ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن کوئٹہ صفدر اقبال نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری عصر حاضر میں اولیاء کرام کے پیغام محبت، معارفت، عشق، اخلاق اور اسرار ورموز کو عام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دور فتن میں جہاں زندگی کا ہر شعبہ زوال کا شکار ہوا ہے وہاں اولیاء اللہ کی محبت، عظمت اور رفعت کو بھی خارجی عقائد نے نقصان پہنچایا ہے اور اولیاء کرام کے متعلق عوام الناس کے ذہنوں کو پراگندہ کیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ایسے فتن اور باطل عقائد کا قلع قمع کیا اور قرآن و سنت کی روشنی میں اولیا ء کرام کی محبت و عظمت کا اثبات کیا۔

پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدر ڈا کٹر اشتیاق حسین نے کہا کہ قرآنی تعلیمات کے مطابق انقلاب انہیں قوموں کا مقدر ٹھہرتا ہے جو خود اپنے اندر انقلاب پیدا کرتی ہیں۔ آج اگر پیران کرام نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا سا تھ نہ دیا اوراپنی خانقاہوں سے نکل کر رسم شبیری ادا نہ کی تو آنے والے وقتوں میں گدیاں اور آستانے ویران ہو جایئں گے۔

ضلعی امیر تحریک منہاج القرآن کوئٹہ اورنگ زیب نے کہا کہ جس وقت قوم انقلاب کے نام پر اٹھ کھڑی ہوگی اس وقت یہ قوم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو اپنے اندر پائیں گے اور جب تک انقلاب اس قوم اور ریاست کا مقدر نہیں بن جاتا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری جنگ لڑتے رہے گے۔ ہم نے پاکستان اور قائداعظم کے دیے ہوئے تحفہ کو بچاناہے۔

اس موقع پر سجادہ نشین پیر سیدحبیب سلطان قادری چشتی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو اولیاء کرام کا وارث قرار دیا اور امن کی خاطر ان کی جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے سفر انقلاب میں شامل ہونے اور ہر طرح کا تعاون کرنے کا یقین دہانی کروائی ہے۔

رپورٹ:۔ صفدر اقبال
ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن کوئٹہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top