حکومت نے امریکہ اور طالبان دونوں سے دہرا مک مکا کیا ہوا ہے۔ عمر ریاض عباسی

آئین کا انحراف کرنے والے سیاست دانوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بند ہونا چاہیئے
ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی، ڈرون طیارے گرانا پاکستان کا حق ہے

اسلام آباد ( میڈیا سیل )3 دسمبر 2013ء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے اسلام آباد کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کا انحراف کرنے والے نہ صرف ڈکٹیٹر ہیں بلکہ سیاست دان بھی ہیں۔ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غریب عوام کو خوراک، لباس، رہائش، تعلیم، صحت اور روزگار سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ جو سرا سر آئین شکنی ہے۔ اشرافیہ نے ملک کو اپنی غلامی میں دبوچ رکھا ہے۔ پورے ملک کے عوام بدامنی، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، غربت اور مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں۔ پاکستان کوان مسائل اور بحرانوں سے نکالنے کے لیئے ان سیاست دانوں میں کوئی صلاحیت ہوتی تو نظر آ جاتی۔ پہلے لوگ یک طرفہ مک مکا کرتے تھے۔ اس حکومت نے ایک طرف ڈالر لینے کے لیئے امریکہ سے مک مکا کر رکھا ہے اور دوسری طرف طالبان سے جھرلو الیکشن جتوانے کے لیئے ملی بھگت کی ہوئی ہے۔ کے پی کے میں ڈرون حملوں کے خلاف حکومت جراءت مندانہ اقدام کیوں نہیں اٹھا رہی؟ ملک کی سلامتی اور خود مختاری پر حملہ کرنے والوں کے ڈرون مار کر گرا دیناحکومتِ پاکستان کا حق ہے۔ ایسے حکمرانوں کو تخت اقتدار پر نہیں بلکہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہئیے۔ عوام کو غلام در غلام بنانے کی پالیسی کو پاکستان عوامی تحریک کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا اقتدار عوام کے دلوں پر قائم ہو چکا ہے اس لیئے ملک کا تاجر، کسان، مزدور، طالب علم اور ہر پسہ ہوا آدمی کہہ رہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری ٹھیک کہتے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری پہلے ہی ہوش ربا مہنگائی اور کرپشن کے خلاف عوامی احتجاج کا اعلان کر چکے ہیں۔ 29 دسمبر لاہور سے احتجاجوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ نظام انتخابات میں عوام کے لیئے بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔ 1857ء میں جو نظام برصغیر کے مسلمانوں کو انگریز کی دائمی غلامی میں رکھنے کے لیئے بنایا گیا تھا وہ آج بھی عوام پر مسلط ہے۔ جس سے قوم طرح طرح کی معاشی، معاشرتی، اقتصادی، سماجی اور عالمی پابندیوں میں جکڑی ہوئی ہے۔ ہم نظام کی تبدیلی کے لئے تمام محب وطن تبدیلی چاہنے والی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top