مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تکریم اساتذہ، علم اورامن کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے۔ عرفان یوسف

پر امن تعلیمی ماحول سے ہی پڑھے لکھے لوگ پیدا ہو سکتے ہیں
تعلیمی اداروں میں برداشت اور باہمی رواداری کے رویوں کو فروغ دیا جائے

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کہا ہے کہ پر امن تعلیمی ماحول سے ہی پڑھے لکھے لوگ پیدا ہو سکتے ہیں۔ تعلیمی اداروں سے قبضہ گروپوں کے خاتمے کے بغیر پر امن تعلیمی ماحول کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ پنجاب یونیورسٹی میں حالیہ ظلم و تشدد اور اساتذہ کی بے ادبی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ تعلیمی اداروں سے شر پسند عناصر اور قبضہ گروپوں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو شر پسند عناصر کو کھلے عام دہشت گردی اور غنڈہ گردی کا موقع ملے گا۔ طلباء تنظیمات اور طلباء اپنا رشتہ اسلحہ کی بجائے قلم اور کتاب سے جوڑیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پنجاب یونیورسٹی سے آئے ہوئے طلباء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رضوان بشیر، عبد العمار منعم، شیخ عماد اور صدیق جان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک پاکستان پرکڑا وقت ہے اور دہشت گردی کا فتنہ ہمارے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے۔ ان حالات میں طلباء ملک میں امن کے قیام کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں میں برداشت اور باہمی رواداری کے رویوں کو فروغ دیا جائے تا کہ انتہا پسندی کا خاتمہ ہوباہمی محبت کے ذریعے ہی ملک میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ عرفان یوسف نے کہا کہ طلباء امن اور محبت کے کلچر کو معاشرے میں فروغ دینے پر محنت کریں، علم اور عمل میں پختہ ہو جائیں اور محبت کی تلوار سے نفرت کے رویوں کو کچل دیں۔ جلاؤ، گھیراؤ اور اساتذہ پر تشدد تعلیمی ماحول کو برباد کرنا ہے، اس سے تائب ہونا ہو گا۔ اساتذہ قوم کے معمار ہیں انکی عزت و احترام سب پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں تشدد کے حالیہ واقع کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تکریم اساتذہ، علم اورامن کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top