امت نے اسلاف کے راستے کو ترک کر کے ذلت و رسوائی کو اپنا مقدر بنا لیا ہے۔ علامہ صادق قریشی
اغیار نے مسلمانوں کو دہشت گرد اور انتہا پسند ڈکلئیر کروانے کیلئے میڈیا وار مسلط کر رکھی ہے
تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر علامہ صادق قریشی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اتحاد او ر یکجہتی کا دامن تھام کر علم کے فروغ کو اپنی پہلی ترجیح بنا لے تو کوئی وجہ نہیں کہ اس کا زوال عروج میں نہ بدل سکے۔ اغیار نے اسلام کے سنہرے اصولوں پر عمل کر کے معاشی، سائنسی ترقی اور سیاسی استحکام کرلیا مگر امت مسلمہ نے اپنے اسلاف کے راستے کو ترک کر کے ذلت و رسوائی کو اپنا مقدر بنا لیا ہے۔ وہ گزشتہ روز جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امت وسائل کی فروانی اور بہترین ذہنیت کی حامل ہنر مند افرادی قوت کے باوجود سیاسی اور معاشی قوت صرف اس لیے نہیں بن سکی کہ اسلامی ممالک کے حکمران ذاتی مفادات کے خول میں بند ہیں۔ اسلام کی سیاسی قوت کمزور اور منتشر ہے اس لیے پوری دنیا میں مسلمان عدم تحفظ کے شدید احساس کے ساتھ رہنے پر مجبور بنا دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اغیار نے مسلمانوں کو دہشت گرد اور انتہا پسند ڈکلئیر کروانے کیلئے میڈیا وار مسلط کر رکھی ہے۔ او آئی سی کا کردار غلامانہ ہے اور کشمیر، فلسطین، افغانستان اور عراق مسلمانوں کی بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ ان حالات میں موثر اسلامی ممالک کے سربراہان امت کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے بیٹھیں اور حکمت کے ساتھ ایسی پالیسیاں تشکیل دیں جن کے باعث آنے والی مسلمان نسلوں کا مستقبل باوقار بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلم حکمران موجودہ روش سے تائب نہ ہوئے تواسلام کے معاشی اور سیاسی عروج کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے گا۔
تبصرہ