پاکستان میں جمہوریت کے نام پر چند خاندانوں کی بادشاہت قائم ہے، فیض الرحمٰن درانی
زوال اور محرومیاں صالح اور باکردار قیادت سے محرومی کا نتیجہ
ہے
قوم تبدیلی کیلئے تیار ہو جائے اور وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت
میں انقلاب اس ملک کا مقدر بنے گا
زندہ دلان لاہور 29دسمبر کو حکومت کو بتا دیں گے کہ ان کے اقتدار کے دنوں کی گنتی
شروع ہو چکی ہے
صاحبزادہ فیض الرحمان درانی کا جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمۃ المبارک کے بڑے
اجتماع سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر چند خاندانوں کی بادشاہت قائم ہے۔ پچھلی کئی دھائیوں سے ملک میں جمہوریت کے ساتھ بدترین مذاق کا سلسلہ جاری ہے۔ حکمران پاکستان میں غیر آئینی اقدامات کو تحفظ دینے کا جرم مسلسل کر رہے ہیں۔ جس کے باعث جمہوریت مذاق بنی ہوئی ہے۔ ملک عدم استحکام، بد ترین دہشت گردی اور لا قانونیت کی زد میں ہے۔ جبکہ عوام بنیادی حقوق تک کو ترس گئے ہیں۔ موجودہ نظام انتخاب کی تمام تر خامیاں کھل کر سامنے آ چکی ہیں۔ جس کا سہرا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے سر ہے۔ سیاست دان، سیاسی تجزیہ کارمختلف طبقہ ہائے زندگی کی نمائیندہ شخصیات اور عوام الناس کی غالب ترین اکثریت ڈاکٹر طاہر القادری کے موقف کی حمایت پر مہر تصدیق ثبت کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جنکی سیاسی بصیرت نے ہر مرحلے پر قوم کی قبل از وقت رہنمائی کی۔ وہ گذشتہ روز جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
فیض الرحمان درانی نے کہا کہ آج قوم تبدیلی کیلئے تیار ہو جائے اور وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب اس ملک کا مقدر بنے گا۔ 29دسمبر کو ظالم حکمرانوں اور قیامت خیز مہنگائی کے خلاف لاہور کی سڑکیں پاکستان عوامی تحریک کے احتجاجی مظاہرے سے مستقبل قریب میں آ نیوالی تبدیلی کی گواہ بن جائیگی۔ قوم کی زبوں حالی پر ہر پاکستانی پریشان اور دل گرفتہ ہے۔ پاکستان کا یہ زوال صالح اور باکردار قیادت سے محرومی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ نئی نسلوں کا مقدر بدلے اور آنے والے ہم سے بہتر پاکستان میں زندگی گزاریں تو موجودہ فرسودہ نظام کو بدلنا ہو گا اور اگر حکمرانوں نے اپنی موجودہ روش کو نہ بدلا تو سیاسی و معاشی طور پر کمزور امت دنیا میں مزید بے حیثیت بنا دی جائے گی۔ امت مسلمہ کی آئیندہ نسلیں اپنے حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ زندہ دلان لاہور 29 دسمبر کو حکومت کو بتا دیں گے کہ ان کے اقتدار کے دنوں کی گنتی شروع ہو چکی ہے اورقوم ثابت کر دے گی کہ وہ حقیقی تبدیلی کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب اس ملک کا مقدر بنے گا۔
تبصرہ