پاکستان عوامی تحریک کی 29 دسمبر کی ریلی انقلاب کا نقطہ آغاز ثابت ہو گی، خرم نواز گنڈاپور

انتخابات متنازع ہو چکے ہیں، جمہوریت نہیں حکومت کی ٹرین ڈی ریل ہونے والی ہے
اداروں کو بیچنے کے معاملات طے ہو چکے ہیں اور کمیشن کے طور پر حکمرانوں نے 100 ارب ڈالر وصول بھی کر لئے ہیں
نواز شریف کرکٹر اور تحصیلدار تو نہ بن سکے بد قسمت قوم نے وزیر اعظم بنا دیا
29 دسمبر کی احتجاجی ریلی میں 40 سے زیادہ مزدور، کسان، طلبہ، تاجر، سماجی اور سیاسی جماعتوں کا بھر پور شرکت کا اعلان
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور و دیگر قائدین کی پریس کانفرنس

پاکستان عوامی تحریک کی 29 دسمبر کی ریلی انقلاب کا نقطہ آغاز ثابت ہو گی۔ انتخابات متنازع ہو چکے ہیں، جمہوریت نہیں حکومت کی ٹرین ڈی ریل ہونے والی ہے۔ اداروں کو بیچنے کے معاملات طے ہو چکے ہیں اور کمیشن کے طور پر حکمرانوں نے 100 ارب ڈالر وصول بھی کر لئے ہیں۔ حکومت نے مہنگائی کر کے عوام پر چھ ماہ کے دوران نو سو ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا ہے۔ نواز شریف کرکٹر اور تحصیلدار تو نہ بن سکے بد قسمت قوم نے وزیر اعظم بنا دیا۔ پارلیمنٹ میں کوئی اپوزیشن نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کل (اتوار) کو ہونے والی احتجاجی ریلی میں 40 سے زیادہ مزدور، کسان، طلبہ، تاجر، سماجی اور سیاسی جماعتوں کے قائد ین نے بھر پور شرکت کا اعلان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور و دیگر قائدین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں انجمن طلباء اسلام، لیبر قومی موومنٹ، پاکستان مسلم لیگ حقیقی، ریلوے مزدور اتحاد، عدلیہ بچاؤ کمیٹی، پاکستان غرباء پارٹی، تحریک محبت انٹرنیشنل، پاکستان اکنامک ڈویلپمنٹ فورم، پاکستان سمال ٹریڈ اینڈ کاٹیج انڈسٹری، پاکستان لیبر فیڈریشن، پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن، وائس آف جرنلسٹس، پاکستان، عوامی قیادت پارٹی، انجمن مزارعین پنجاب کے مرکزی قائدین نے بھی شرکت کی۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ انتخابات متنازع ہو چکے ہیں۔ ہارنے اور جیتنے والے سب سراپا احتجاج ہیں۔ اس وقت پارلیمنٹ میں کوئی جماعت اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کر رہی۔ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا واویلا کرنے والے حکمرانوں کی ٹرین جلد ڈی ریل ہونے والی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدربشارت عزیز جسپال نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات صحت، تعلیم، روزگار اور تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ارباب اقتدار کے ذاتی کاروبار خوب ترقی کر رہے ہیں اور ملکی اداروں کو بد نیتی سے تباہ کر کے نجکاری کی جا رہی ہے۔ جس میں خریدار در پردہ حکمران خود ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول، آٹا اور چاول کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ حکومتی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ذاتی اثاثے ساڑھے چار سو ارب روپے ایک سوالیہ نشان ہے۔ جو عوام کے خون کو چوس کر بنائے گئے ہیں۔ پاکستان اور عوام بے پناہ مسائل کی دلدل میں دھنس چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری امید کی آخری کرن ہیں۔ انکی کال پر ملک کے لاکھوں مزدور عوامی احتجاج اور مصطفوی انقلاب کے قافلے میں جوق در جوق شریک ہوں گے۔ الیکشن جتوانے اور ہروانے والے اپنا سر پیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سوئی ہوئی قوم کو جگایا ہے۔ عوام ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلابی ایجنڈے کے ساتھ ہیں۔ ملک میں چار لاکھ افراد نے پورے ملک کے وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ اس استحصالی اور ظالمانہ نظام سے انکار کر کے انقلاب لانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صوفی ازم کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے عوامی احتجاج اور اس کے بعد دوسرے پروگراموں میں بھر پور ساتھ دیا جائے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں سندھ اور پنجاب میں پھیلے ہوئے اپنے لاکھوں وابستگان کو ہدایات جاری کیں ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top