آئین کے آرٹیکل 38 اورباقی تمام شقوں پر ان کی روح کے مطابق عمل کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری
کارکن انقلاب کی تیاریوں کو تیز تر کر دیں، جلد ایک سے دو کروڑ نمازیوں پر مشتمل انقلاب کا ریلا اٹھے گا
لاہورکی تاریخ کی سب سے بڑی احتجاجی ریلی کے انعقاد پر کارکنوں کو ڈاکٹر طاہر القادری کی خصوصی مبارکباد
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لاہورکی تاریخ کی سب سے بڑی اور منظم احتجاجی ریلی کے انعقاد پر عوام پاکستان اورپاکستان عوامی تحریک لاہورکے کارکنوں کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ انقلاب کی طرف بڑا قدم تھا۔ وہ وقت دور نہیں جب جماعت انقلاب قائم ہو گی اور لٹیرے ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے تھے۔ ان کے اصولوں کے مطابق نیا پاکستان تشکیل دیں گے۔ پر امن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتا ہوں۔ مہنگائی، کرپشن، بیروزگاری اور بد امنی کے خلاف29 دسمبر کی احتجاجی ریلی ہماری 33 سالہ پر امن جدوجہد کا ہی تسلسل تھا جو کرپٹ حکمرانوں اورموجودہ کرپٹ نظام انتخاب کی تبدیلی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کرکے ہی پاکستان کو دنیا میں باوقار معاشی اور سیاسی مستقبل دیا جا سکتا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 38 اورباقی تمام شقوں پر ان کی روح کے مطابق عمل کرنا ہو گا اور اس کیلئے ہماری جدوجہد کا آغازہو گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ملک پاکستان کے کروڑوں عوام میری طاقت ہیں، اللہ کی مدد و نصرت اور عوام کی بھرپورطاقت سے لٹیرے حکمرانوں کو بھگا کر دم لیں گے۔ کارکن انقلاب کی تیاریوں کو تیز تر کر دیں اور میرا پیغام ہر گھر میں پہنچا دیں۔ انقلاب کی ریلی میں لاکھوں افراد شریک ہوئے ہیں۔ جلد ایک سے دو کروڑ نمازیوں پر مشتمل انقلاب کا ریلا اٹھے گا اور کرپشن اور اسکے محافظوں کو بہا لے جائے گا۔
تبصرہ