تحریک منہاج القرآن صوبہ سرحد کے قائدین کا اعزاز
الحاج سلامت دین قریشی فاؤنڈیشن پشاور کے زیر اہتمام پہلی تقریب تقسیم اِعزازات بسلسلہ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آرکائیوز ہال پشاور میں زیر سرپرستی حضرت آغہ سید اقبال شاہ صاحب سجادہ نشین دربارِ عالیہ حضرت لیونے بابا نوتھیہ جدید پشاور منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی سابق وزیر اعلیٰ سرحد صاحبزادہ پیر سید صابر شاہ تھے جب کہ رُکن قومی اسمبلی پیر محمد نور الحق قادری نے صدارت کی۔ تقریب کے دیگر مہمانوں میں رُکن صوبائی اسمبلی سید ظاہر شاہ کے علاوہ ضلع پشاور کی تقریبا تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں الحاج سلامت دین قریشی فاؤنڈیشن کی جانب سے صوبہ سرحد خصوصا پشاور کی سطح پر میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات کو ان کی گراں قدر دینی و ملی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔ ان میں دیگر کے علاوہ تحریک منہاج القرآن صوبہ سرحد کے سرپرست محترم اعجاز احمد خان، حاجی بشیر احمد قادری مرحوم (سابق صوبائی امیر تحریک، سرحد) اور ملک خداداد مرحوم (رفیق اداراہ منہاج القرآن) بھی شامل تھے۔محترم حاجی بشیر احمد قادری مرحوم کا ایوارڈ ان کے صاحبزادے محترم طاہر بشیر جب کہ اعجاز احمد خان (جو کہ کافی عرصہ سے سخت بیمار ہیں) کا ایوارڈ ان کے چھوٹے بھائی حاجی شاہد مشتاق نے وصول کیا۔ یہ اعزازات نہ صرف یہ ان شخصیات کی دینی و ملی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہیں بلکہ تحریک منہاج القرآن صوبہ سرحد کی خدمات کا بھی اعتراف ہیں۔ اس موقع پر مقررین نے اعزازات حاصل کرنے والی تمام شخصیات کی خدمات پر روشنی ڈالی، اور انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تبصرہ