وکلاء تبدیلی کی جدوجہد میں پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہیں۔ نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ
جمہوریت کے نام پر ملک میں چند خاندانوں کی آمریت مسلط ہے، پاکستان میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی
نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ کی عوامی لائرز موومنٹ پاکستان کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو
پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کے مرکزی رہنما نعیم الدین چودھری نے کہا ہے کہ نظام انتخاب کی تبدیلی کی جو مؤثر آواز ڈاکٹر طاہر القادری نے بلند کی ہے وہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ وکلاء تبدیلی کی جدوجہد میں پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کی 29 دسمبر کی تاریخی احتجاجی ریلی کی کامیابی کے بعد انقلاب کی منزل قریب دیکھ رہا ہوں۔ نظام انتخاب کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 38 اور باقی تمام شقوں پر عمل کروانے کیلئے وکلاء پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہیں۔
وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی لائرز موومنٹ کے وفدسے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے وکلاء کے وفد کو عظیم الشان احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جب انقلاب کی کال آئے گی ان شا اللہ پاکستان عوامی لائرز موومنٹ اور وکلاء ڈاکٹر طاہر القادری کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ اس موقع پر مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، ذوالفقار ایڈووکیٹ، سردار غضنفر ایڈووکیٹ، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، ساجد گوندل ایڈووکیٹ اور امجد جٹ ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔
نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ جمہوریت کے نام پر ملک میں چند خاندانوں کی آمریت مسلط ہے۔ موجودہ نظام انتخاب کو بدلنے سے ہی سیاست کے ایوانوں کا گند صاف ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا انقلاب ریاست کے استحکام اور عوامی خوشحالی کا باعث بنے گا۔ پاکستان عوامی تحریک معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کو ڈاکٹر طاہر القادری کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رکھے گی اور وکلاء ڈاکٹر طاہر القادری کا ہر اول دستہ ہوں گے۔
تبصرہ