فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کی سالانہ عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب کو منعقد ہو گی۔ غلام محمد قادری
فیصل آباد ( )تحریک منہاج القرآن کی سالانہ عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کی شب 13 جنوری کو دھوبی گھاٹ کے گراؤنڈ میں منعقد ہو گی۔ کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری نے بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں شہر فیصل آباد سے ہزاروں عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شرکت کر کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے اور دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر دنیا میں کوئی خوشی نہیں ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔
میلاد کانفرنس کے انتظامات کیلئے 20 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ میلاد کانفرنس میں شدید سردی کے باوجود ہزاروں مرد وخواتین شریک ہوں گے۔ خواتین کیلئے الگ باپردہ پنڈال بنایا جائے گا۔ علماء ومشائخ عظام، نعت خوان اور قراء حضرات خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ وسیع پنڈال میں دیو ہیکل LED سکرینز بھی لگائی جائینگی تاکہ دور دور تک بیٹھے ہزاروں لوگ سٹیج کی کارروائی کو قریب سے دیکھ سکیں۔ میلاد کانفرنس کی سیکیورٹی کیلئے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان پنڈال میں مختلف جگہوں پر موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے مقاصد میں سب سے بڑا مقصد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے ادب کا شعور پیدا کرنا ہے کیونکہ ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنے کے بعد انکی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی تحریک ملتی ہے۔
تبصرہ