کنونشن سنٹر میں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری، انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں

عالمی میلا دکانفرنس سے شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے
عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کا اجلاس میں عمر ریاض عباسی اور دیگر کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہونے والی عالم اسلام کی سب سے بڑی سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن اسلام آباد کے عہدیداران اور انتظامی کمیٹیوں کا ایک اہم اجلاس مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات PAT عمر ریاض عباسی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ریاض عباسی نے کہا کہ گزشتہ 30 سالوں سے دنیا کی سب سے بڑی محفل میلاد کے انعقاد کا اعزاز بھی تحریک منہاج القرآن کو ہی حاصل ہے، اس بار عالمی محفل میلاد بھارت کے شہر بنگلور میں منعقد ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے 300 شہروں میں بڑے اجتماعات کاانعقاد کیا جارہا ہے، جہاں پر ڈاکٹر طاہرالقادری کا خطاب براہ راست دیکھا جا سکے گا۔ اس سلسلے میں پورے ملک سمیت اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں اسلام آباد سے ہزاروں مرد، خواتین، نوجوان، بچے، بوڑھے، طلبہ وطالبات اور عوام الناس بڑی تعداد میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اسلا م آباد کے کارکن عالمی میلاد کانفرنس کی کامیابی کے لئے دن رات ایک کر دیں۔ انہوں نے انتظامی کمیٹیوں کو ہدایت دی کہ عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ عمر ریاض عباسی نے کہا کہ کائنات کا وجود بھی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا مرہون منت ہے اس لیے امت کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی ایسے انداز میں منانا چاہیے کہ پوری دنیا میں ا س کی دھوم مچ جائے۔

صدر TMQ اسلام آباد سٹی ابرار رضا ایڈووکیٹ نے کہا کہ مخلوق آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منانے کا حق ادا نہیں کر سکتی۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد خود خدا نے منایا ہے۔ اسلئے ہمیں بھی اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خو شی منانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں دین کی تجدید کا جو فریضہ انجام دے رہی ہے اس کے ثمرات رہتی دنیا تک رہیں گے۔

صدر PATٖ ٰفیڈرل ایریا اشتیاق میر ایڈووکیٹ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد شایان شان طریقے سے منانے کا اہتمام کرتی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی زندگی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور اسلام کی حقیقی فکر کو پھیلانے میں صرف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عالمی جشن کے طور پر منائے گی۔

صدر TMQٰفیڈرل ایریا سید مظفر شاہ نے کہا کہ دنیا میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت سے بڑی کوئی خوشی نہیں اس لئے ہمیں چاہئیے کہ عالمی محفل میلاد کے انعقاد میں کسی قسم کی کمی نہ رہنے دی جائے۔

ناظم تحریک اسلام آباد سٹی محمدحفیظ نے کہا کہ کنونشن سنٹر میں ہونے والی میلاد کانفرنس میں اسلام آباد سے علماء کرام، مشائخ عظام، سیاسی، مذہبی وسماجی رہنماؤں سمیت، قراء ونعت خوان حضرات اور عالم اسلام آباد کی مقتدر مذہبی شخصیات خصو صی شر کت کریں گی۔ عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصو صی خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن سنٹر پر عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور اس سلسلے میں انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سیکورٹی کے انتظامات کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے پانچ ہزار نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ خدمات سر انجام دے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلا دکانفرنس میں صرف لاہور سے ہزاروں افراد شر کت کریں گے۔ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ میلاد کانفرنس کی تشہیر کیلئے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top