عباس پور (آزاد کشمیر): تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام درس عرفان القرآن
تحریک منہاج القرآن سب ڈویژن عباس پور آزاد کشمیر کے زیراہتمام دربار عالیہ قادریہ مرشد آباد شریف اپر بنگھوال میں دسواں درس عرفان القرآن کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سب ڈویژن عباس پور کے صدر قاری سردار محمد فاروق قادری نے کی۔ پروگرام کا باقاعدآغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ناظم دعوت منہاج القرآن انٹرنیشنل آزاد کشمیر علامہ جمیل احمد زاہد تھے۔ علاوہ ازیں سجادہ نشیں دربار عالیہ محمد افتخار احمد قادری اور ان کے مریدین بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائیض ناظم تحریک منہاج القرآن عباس پور حافظ آفتاب احمد قادری نے سرانجام دیئے۔
اس موقع پر علامہ زاہد جمیل نے قرآن وسنت کی روشنی میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دوری ہی اس وقت امت محمدیہ کی رسوائی کا باعث ہے۔ آج ہمیں اس ٹوٹے ہوئے رشتے کو پھر سے گنبد حضرٰی سے جوڑنا ہے اور اس رابطے کی بحالی کے لیے اس طرح کی محافل کو سجانا وقت کی ضرورت ہی نہیں بلکہ فرض ہے۔
انہوں نے شرکاء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے بیدارئ شعور کے حوالہ سے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اب گوشہ نشینی کا وقت نہیں رہا۔ قوم اپنی صفوں میں اتفاق واتحاد پید ا کرے اور مصطفوی انقلاب کے لیے اٹھ کھڑی ہو۔ ان شاء اللہ اب وہ وقت قریب ہے کہ شیخ الاسلام کی قیادت میں پوری قوم اٹھ کھڑی ہو گی اور ملک کا یہ فرسودہ نظام واصل جہنم ہو گا۔
تقریب میں تحریک منہاج القرآن سب ڈویژن عباس پور کے سینئر نائب صدر ضیاء الحق قمر، ناظم دعوت وتربیت قاری اکرام الحق، ناظم نشر واشاعت کے علاوہ قاری وحافظ عبد الخالق، درس جامع نوریہ راولاکوٹ قاری محمد خلیل ہارونی (انگلینڈ)، حافظ وسیم احمدMSM، صدر سید سخاوت حسین شاہ بخاری اور حضرت مولانا قاری محمد حنیف شریک تھے۔ محفل کے اختتام پر تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود وسلام کا نذرانہ پیش کیا گیا بعد ازاں ملک وقوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
(ناظم نشر واشاعت: برکت علی قادری)
تبصرہ