پاکستان کے حالات بدترین ہیں اسے دہشت گردی سے ہر صورت بچانا ہو گا: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

دہشت گرد ریاست کی رٹ کو تسلیم کئے بغیر قوت اور طاقت سے مطالبات منوانا چاہتے ہیں
دہشت گردوں کی قوت اور طاقت کو توڑے بغیر ان سے مذاکرات کرنا قرآن و سنت کے مطابق نہیں
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی لائرز موومنٹ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے حالات بدترین ہیں اسے دہشت گردی سے ہر صورت بچانا ہو گا۔ کوئٹہ، بنوں، مستونگ، کراچی اور دیگر شہروں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ہے مگر اسے روکنے کی کوئی حکومتی پالیسی نہیں۔ حکومت دہشت گردی کو روکنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ مذاکرات کا ایک طریقہ ہوتا ہے اور وہ یہ ہے کہ دہشت گرد ریاست کی رٹ کو تسلیم کریں، امن کے راستے پر آ جائیں، ہتھیار پھینک کر پر امن ہو کر مذاکرات کی بات کریں۔ مگر صورتحال یہ ہے کہ دہشت گرد ریاست کی رٹ کو تسلیم کئے بغیر قوت اور طاقت سے مطالبات منوانا چاہتے ہیں۔ ان حالات میں حکمران مذاکرات کی بات کریں تو یہ انتہائی کمزور موقف ہو گا۔ دہشت گردوں کی قوت اور طاقت کو توڑے بغیر ان سے مذاکرات کرنا قرآن و سنت کے مطابق نہیں۔ مذاکرات کی بات کرنیوالوں کو واضح کرنا ہو گا کہ پہلے جو مذاکرات ہوئے انکا نتیجہ کیا نکلا ؟۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی لائرز موومنٹ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری نعیم الدین ایڈووکیٹ کی قیادت میں آئے وفد میں مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، ذوالفقار ایڈووکیٹ، سردار غضنفر ایڈووکیٹ، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، ساجد گوندل ایڈووکیٹ اور امجد جٹ ایڈووکیٹ شیخ یاسر خلیل، سعید الحسن ایڈووکیٹ اور میاں آصف ایڈووکیٹ موجود تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نظام انتخاب کی تبدیلی کی جو موثر آواز ڈاکٹر طاہر القادری نے بلند کی ہے وہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ نظام انتخاب کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 38اور باقی تمام شقوں پر عمل کروانے کیلئے وکلاء پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہیں۔ نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جب انقلاب کی کال آئے گی ان شا اللہ پاکستان عوامی لائرز موومنٹ اور وکلاء ڈاکٹر طاہر القادری کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ نام نہاد جمہوریت نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ جمہوریت کے نام پر ملک میں چند خاندانوں کی آمریت مسلط ہے۔ موجودہ نظام انتخاب کو بدلنے سے ہی سیاست کے ایوانوں کا گند صاف ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کا انقلاب ریاست کے استحکام اور عوامی خوشحالی کا باعث بنے گا۔ پاکستان عوامی تحریک معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کو ڈاکٹر طاہر القادری کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رکھے گی اور وکلاء ڈاکٹر طاہر القادری کا ہر اول دستہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے ماتھے کا بدنما داغ ہے اسکا خاتمہ ضروری ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ بیانات سے قیامت تک نہ ہو گا کیونکہ ملی تشخص اور سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top