کشمیری قوم نے آزادی کشمیر کے خواب کو تعبیر کا رنگ دینے کی مقدور بھر کوشش کی ہے۔ سید ابرار سرور شاہ

امیر منہاج القرآن آزاد کشمیر سید ابرار سرور شاہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری قوم نے حصول آزادی کے لئے آگ وخون کے دریا عبور کیے ہیں اور اپنی جان، مال وعزت کی قربانیاں دے کر آزادی کشمیر کے خواب کو تعبیر کا رنگ دینے کی مقدور بھر کوشش کی ہے، لیکن پاکستانی حکمران جو اس کیس کے اصل وکیل ہیں انکی نااہلیت اور عدم دلچسپی کے باعث نصف صدی سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے پاکستانی و کشمیری حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر کو اقتدار کی سیڑھی کے طور استعمال کیا ہے اور نصف صدی سے زائد کا سفر عملی جدوجہد کی بجائے نجومیو ں کی طرح آزادی کی پیشن گوئیاں کرتے ہوئے گزار دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن شہداء کشمیر کی قربانیو ں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور امن عالم کی داعی عالمی اداروں سے یہ توقع رکھتی ہے کہ وہ اس مسئلے کا انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پرامن اور جلد از جلد حل نکالے۔

ناظم کشمیر منہاج القرآن حافظ احسان الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اس وقت تک حل ہوتا نظر نہیں آتا جب تک پاکستان میں جرات مند اور باغیرت قیادت میسر نہیں آ جاتی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے حکومتوں کی پالیسیاں عوام کے جذبات کی کبھی نمائندہ نہیں رہیں۔ کشمیریو ں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے زمینی حقائق اور تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top