دہشت گردی کا توڑ کرپٹ نظام کے توڑ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ فرحت حسین شاہ

کرپٹ نظام انتخاب ایسے لوگوں کو منتخب کر کے اوپر لایا ہوا ہے جن میں ویثرن، ایمانداری اور کمٹمنٹ نہیں
تحریک منہاج القرآن کی فلاحی، تعلیمی اور سیاسی نظام میں اصلاحات کیلئے کی جانیوالی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ علامہ نزاکت گولڑوی
ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام کا پیغام دنیا بھر میں پہنچایا

منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد ریاست کے مقابلے میں کبھی بھی طاقت ور نہیں ہوتے۔ ریاست میں کوئی طبقہ اور گروہ بھی ریاست سے زیادہ طاقت ور نہیں ہوتا۔ دہشت گردی کا توڑ اس کرپٹ نظام کے توڑ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ یہ کرپٹ نظام انتخاب ایسے لوگوں کو منتخب کر کے اوپر لایا ہوا ہے جن میں ویثرن، ایمانداری اور کمٹمنٹ نہیں ہے۔ جن کے پاس ملک و قوم کیلئے پوری وفا داری نہیں ہے انکی وفاداری اپنے مفادات، اقتدار کی مدت اور کرسی کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر نزاکت حسین گولڑوی چیئرمین سنی علماء کونسل کی قیادت میں آ ئے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر پیر علامہ جعفر شمسی، سید خورشید الحسن بخاری، علامہ محمد صادق رضوری، قاری عبد القیوم حیدری، علامہ یونس جماعتی، علامہ ممتاز صدیقی، پیر عثمان سیالوی اور علامہ آصف اکبر میر بھی موجود تھے۔

علامہ نزاکت حسین گولڑوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام خوش قسمت ہے کہ انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری جیسی نابغہ عصر شخصیت میسر ہے۔ وہ پوری امت کا اثاثہ ہیں اور انکی بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کاوشیں تاریخی نوعیت کی ہیں۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ڈاکٹر طاہر القادری کو اپنا آئیڈیل بنا لیں تو معاشرہ علم و امن کا گہوارہ بن سکتا ہے۔ سنی علماء کونسل شیخ الاسلام کی علمی، تجدیدی، فلاحی اور تعلیمی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ۔ تحریک منہاج القرآن کے ادارے بہت زیادہ منظم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انتہا پسندانہ اقدامات کرنے والوں نے اسلام کا چہرہ مسخ کر دیا ہے اور ایسا مذموم عمل کرنے والے امت مسلمہ کے دشمن ہیں۔ پوری دنیا میں شیخ الاسلام وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انسانیت کو فکری اور علمی رہنمائی دی ہے۔ آج دنیا کو امن کی ضرورت ہے، شیخ الاسلام کے لیکچرز نے بیرونی دنیا میں اسلام کے بارے میں پائے جانیوالے منفی تاثر کو بدلنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے دنیا میں علم کے کلچر کو فروغ دینے میں بہت زیادہ محنت کی ہے۔ غربت اور جہالت کے خلاف پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی فلاحی، تعلیمی اور سیاسی نظام میں اصلاحات کیلئے کی جانیوالی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ شیخ الاسلام کی فکری رہنمائی نے نوجوانوں کو ٹریپ ہونے سے بچا لیا اور وہ امن کے سفیر بنتے جا رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top