جاپان: جامع مسجد المصطفی مرکز منہاج القرآن میں غوث الاعظم کانفرنس کا انعقاد
منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام جامع مسجد المصطفیٰ ابارکی کین میں عظیم الشان شان غوث الاعظم کانفرنس بسلسلہ بڑی گیارہویں شریف منعقد کی گئی جس میں عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
پروگرام کا آغاز قاری القراء قاری علی حسن سرپرست تجوید القرآن کی خوبصورت تلاوت سے ہوا۔ جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سلسلہ شروع کیا گیا، محمد وقاص، شاویزحیدر، محمد عثمان سنی نے نذرانہ عقیدت پیش کئے۔ علامہ مفتی محمد رضوان یوسفی(خطیب جامع مسجد یاشیو) نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے انتہائی مدلل انداز میں شان غوث الاعظم بیان کی۔ علامہ محمد شکیل ثانی(ڈائریکٹر منہاج القرآن جاپان) نے اصحاب کہف کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ان کا کتا 309 سال تک ولیوں کی سنگت اور ادب سے جنتی ہو گیا۔ آج جو اچھوں کی سنگت میں رہے گا جنتی ہوگا۔
پروگرام میں جامع مسجد عمر فاروق کے بانی حاجی خسرو، امام بارگاہ محمد وآل محمد کے بانی محمد اقبال کمیانی، یاشیو مسجد کے صدر ملک ریاض جیلانی، مولودالنبی کمیٹی جاپان کے چیئرمین اصغر علی اور دیگر معززین شریک ہوئے۔ پروگرام کے بعد ختم شریف پڑھا گیا اور جملہ شرکاء کو لنگر پیش کیا گیا۔
رپورٹ: حافظ ایوب بٹ
تبصرہ