محترم شہزاد اختر شفیع اس دنیائے فانی سے ابدی دنیا کی طرف رحلت فرما گئے۔

مورخہ: 01 جون 2006ء
نہایت افسوس کے ساتھ مطلع کیا جاتا ہے کہ تحریکِ منہاج القرآن کے قابل صد احترام ورکر اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ کے مینیجنگ ڈائریکٹر محترم شہزاد اختر شفیع صاحب اس دنیا فانی سے ابدی دنیا کی طرف رحلت فرما گئے ہیں۔

"إِنَّا لِلّہِ وَإِنَّـا إِلَيْہِ رَاجِعُونَ"

اللہ رب العزت انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کی خدمات کو قبول فرمائے۔

محترم شہزاد شفیع صاحب (نیلسن) عرصہ دس سال سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مختلف فورمز پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں 1998ء میں نیلسن میں ہونے والے تربیتی کیمپ میں شہزاد شفیع صاحب نے نہایت اہم کردار ادا کیا، جس سے متاثر ہو کر انہیں منہاج القرآن نیلسن میں یوتھ کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیوں میں بھی اہم کردار ادا کرنے کا موقع دیا گیا۔ 2000ء تک تعلیمی شعبہ میں یوتھ کے لئے خدمات سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ مرحوم دیگر مشنری شعبوں میں کام کرتے رہے۔ ان کی اعلیٰ خدمات کے پیشِ نظر 2001 / 2000 میں انہیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر کی ذمہ داری دی گئی، جسے عرصہ 5 سال تک انہوں نے بخوبی سرانجام دیا۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مختلف منصوبہ جات میں اپنی خدمات پیش کیں، جن میں سے چند اہم یہ ہیں:

  • تعلیمی منصوبہ جات
  • طبی منصوبہ جات
  • آغوش (یتیم خانہ)
  • ووکیشنل انسٹیٹیوٹ
  • پاکستان کے زلزلہ زدگان کی امداد
  • بام (ایران) کے زلزلہ زدگان کی امداد
  • سونامی (انڈونیشیا) کے طوفان میں امداد
  • واٹر پمپس کا منصوبہ
  • اجتماعی شادیاں

ہر قدرتی آفت میں فنڈ ریزنگ اور دکھی انسانیت کی خدمت میں وہ بڑھ چڑھ کر کلیدی کردار ادا کرتے رہے۔ تعلیم سے لے کر انسانیت کی فلاح تک کے ہر کام میں ان کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمات کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دولت تقسیم کرنے میں بھی وہ مگن رہتے اور ہر سطح پر امت کی رہنمائی کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔

رمضان المبارک اور ربیع الاول شریف میں ہر مرتبہ ریڈیو کا اہتمام کرتے، انہی کی محنت و کاوش کے نتیجے میں ہیں لنکاشائر میں منہاج القرآن کو کمیونیٹی ریڈیو کی نشریات کا لائسنس ملا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مرحوم سے خصوصی شفقت فرمایا کرتے تھے اور مختلف مواقع پر مرحوم کی خدمات کو ہدیہء محبت پیش کرتے تھے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے حوالے سے ان کی خدمات لائقِ صد تحسین اور ناقابل فراموش ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے مرحوم گردے کی تکلیف میں مبتلا تھے۔ مؤرخہ 27 مئی 2006 کو اپنی فیملی کے ساتھ پاکستان تشریف لے گئے اور آج یکم جون کو صبح تقریباً 8بجے (پاکستانی وقت کے مطابق) انتقال فرما گئے۔ ان کی وفات سے منہاج القرآن انٹرنیشنل بجا طور پر ایک عظیم محنتی اور دکھی انسانیت کی خدمات کرنے والے کارکن سے محروم ہو گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کو غریق رحمت کرے اور روز محشر تاجدار کائنات کی شفاعتِ کبریٰ سے نوازے۔ آمین

آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزہء نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top