پیغمبر انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عظمت و احترام انسانیت کی تعلیم دی: سہیل احمد رضا

انٹرفیتھ کونسل فار پیس اینڈ ہارمنی لاہور کے زیراہتمام ننکانہ صاحب میں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مذہبی اقلیتوں سے حسن سلوک کے موضوع پر ضلع کونسل ہال میں سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈی سی او ننکانہ صاحب ڈاکٹر عثمان علی نے کی۔ تقریب کے میزبان گیانی سردار جنم سنگھ اور سردار امرت سنگھ تھے، جبکہ مہمانان گرامی میں پروفیسر علامہ محب النبی، علامہ عبد الخبیر آزاد خطیب بادشاہی مسجد لاہور، سہیل احمد رضا ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل لاہور، سردار رمیش سنگھ اروڑا ممبر پنجاب اسمبلی تھے۔ علاوہ ازیں دیگر مذاہب کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے سہیل احمد رضا ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فقط مسلمانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر انسانیت ہیں جنہوں نے انسانیت کی عظمت اور احترام انسانیت کا درس دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عالمی قیام امن ومحبت کے لیے فتح مکہ کے موقع پر چارٹر آف ہیومینیٹی کا اعلان فرمایا۔ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسلامی ریاست میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اگر ہم دنیا میں بین المذاہب رواداری، بھائی چارہ، محبت ومودت اور امن وآشتی کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنانا ہو گا۔ عصر حاضر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی میں پوری دنیا میں قیام امن ومحبت اور بین المذاہب رواداری کے فروغ میں مصروف عمل ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top