عوام کی جان، مال اور عزت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے۔ بشارت عزیز جسپال

دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملک وقوم کے خلاف گھناؤنی سازش ہے

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے پورے ملک اور خصوصاً کراچی میں پے در پے ہونے والی دہشت گردی کی بیہمانہ کارروائیوں، انتہا پسندی اور ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں سے کھیلنے کا مذموم عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ایسا کرنے والے انسان کے روپ میں خونخوار بھیڑیے ہیں۔ حکومتیں ابھی تک دہشت گردی کے ناسور کا علاج کرنے میں ناکام ہیں جس کی وجوہات ہر پاکستانی جاننا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے عہدیداران سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ذوالفقار ایڈووکیٹ، راجہ ندیم، حافظ غلام فرید اور ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

انہوں نے پورے ملک اورخصوصاً کراچی میں دہشت گردی، قتل و غارت گری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے تسلسل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیا۔ بشارت عزیز جسپال نے دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونیوالے عوام، فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں کیلئے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے تسلسل نے ملکی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں اور عوام کی جان ومال اور عزت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے اور حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں ورنہ ملکی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top