دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات نہیں بلکہ آپریشن کر کے دہشت گردوں کی قوت کوکچلا جائے۔ عمر ریاض عباسی

بم دھماکے قتل وغارت گری کے واقعات کا تسلسل ملک وقوم کے خلاف گھناؤنی سازش ہے
عوام کا جان ومال اور عزت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے
اے آر وائی کے حاجی عبدالرزاق یعقوب کے وفات پر گہرے دکھ اور رنج کااظہار کیا گیا اور مرحوم کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ 60 ہزار لوگوں کا خون بہایا جا چکا ہے، جو لوگ شہید کئے گئے ان کا خون ناحق کیا گیا۔ مساجد، امام بارگاہوں، تعلیمی اداروں پر حملے کئے گئے، بچے، بوڑھے، خواتین کا ناحق خون بہایا گیا۔ پوری دنیا میں کہیں بھی ایسا قانون نظرنہیں آتاجس کے اندر قیدیوں کے ساتھ درندگی کا مظاہرہ کیا جائے اور ان کی گردنیں کاٹی جائیں۔ شریعت کا نام لینے والوں نے ایف سی کے 23 جوانوں کو جس بے دردی کے ساتھ شہیدکیا جو سفاکیت کی بدترین مثال ہے۔ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات سے پہلے ان کی قوت کو کچلاجائے پھر اگر وہ مذاکرات کے لئے آئیں تو ان کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں۔ ہمیں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے کہ جنہوں نے جنگی قیدیوں کے ذریعے مسلمانوں کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آشنا کروایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے 63 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام جی الیون مرکز میں ’’بدلے گانظام بدلے گاپاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات احمد نواز انجم، غلام حیدر بٹ، ریاست علی خان، فاروق بٹ، ابرار رضا ایڈووکیٹ اور غلام علی خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین مکمل اسلامی ہے جو اسلامی قدروں کی رہنمائی کرتا ہے، اس کو غیر اسلامی کہنے والے دراصل قادیانیوں کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ 1973 کے آئین کے تحت قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا۔ پاکستان کا آئین کہتا ہے کہ قرآن وسنت ریاست کا قانون ہوگا، پاکستان کا آئین مکمل اسلامی ہے مگر صرف عمل درآمد کی ضرورت ہے اس کے حقیقی نفاذ کی ضرورت ہے۔ آئین کے حقیقی معنوں میں عمل درآمد کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے پرامن انقلاب کی جدوجہد کا آغاز کیا ہواہے، جس کے لئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان دن رات کوشاں ہیں۔ بہت جلدڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں کروڑوں عوام کی نماز انقلاب قائم ہوگی اور ملک میں آئین کو اصلی شکل میں نافذ کر کے عوام کو ان کے حقوق دئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک اور خصوصاً کراچی میں پے در پے ہونے والی دہشت گردی کی بیہمانہ کارروائیوں، انتہا پسندی اور ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث انسان کے روپ میں خونخوار بھیڑیے ہیں۔ حکومتیں ابھی تک دہشت گردی کے ناسور کا علاج کرنے میں ناکام ہیں جس کی وجوہات ہر پاکستانی جاننا چاہتا ہے۔ انہوں نے پورے ملک اور خصوصاً کراچی میں دہشت گردی، قتل و غارت گری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے تسلسل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے تسلسل نے ملکی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں اور عوام کی جان ومال اور عزت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے اور حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں ورنہ ملکی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔ تقریب کے دوران اے آر وائی کے چئیرمین حاجی عبدالرزاق کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top