قوم دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کرنے پر فوج کو سلام پیش کرتی ہے: شیخ زاہد فیاض
امن کی بھیک مانگنے والی حکومت نے نہیں، آپریشن کا فیصلہ افواج
پاکستان نے کیا
حکومت کو ریاست، عوام اور افواج پاکستان کے جوانوں سے نہیں صرف اور صرف لوٹ مار سے
سروکار ہے
پاکستان عوامی تحریک کے صدر شیخ زاہد فیاض کا پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب
افواج پاکستان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھے۔ پوری قوم فوج کو سلام پیش کرتی ہے جس نے غیرت ملی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔ دہشت گردوں سے امن کی بھیک مانگنے والی حکومت نے نہیں، آپریشن کا فیصلہ افواج پاکستان نے کیا ہے۔ افسوس حکومت کو ریاست، عوام اور افواج پاکستان کے جوانوں سے نہیں صرف اور صرف لوٹ مار سے سروکار ہے۔ ریاست اورطالبان کے مطالبات کا کسی ایک جگہ سنگم ہو ہی نہیں سکتا۔ طالبان طالبان کے کھیل کی گرد اڑائی جا تی رہی اورقوم کو ذہنی طور پر ایک تماشے میں الجھادیا گیا۔ قوم کی توجہ اہم مسائل سے ہٹائی جا رہی ہے اور پورے ملک کے اثاثے بیچ کر کھائے جا رہے ہیں۔ نجکاری کمیشن کے ذریعے قومی اثاثے بیچ کر خود خریدے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، بشارت عزیز جسپال، ساجد بھٹی، ذوالفقار ایڈووکیٹ اور قاضی فیض بھی موجود تھے۔
شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 31 اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے افسوس ان میں منافع پر چلنے والے قومی ادارے بھی شامل ہیں۔ آئین کا آرٹیکل 247 وفاقی حکومت کو اختیار دیتا ہے کہ وہ ایگزیکٹو اتھارٹی کو قبائلی علاقہ جات تک نافذ کر سکتی ہے جس میں قرم ایجنسی، نارتھ اور ساؤتھ وزیرستان ایجنسی بھی شامل ہے۔ آئین کے آرٹیکل 256 کے مطابق کسی پرائیویٹ تنظیم کو عسکری تنظیم بنانے کی ہر گز اجازت نہیں اور ایسا عمل غیر قانونی اور غیر آئینی ہو گا۔
تبصرہ