مذاکراتی ڈرامہ کے ذریعے اب قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جا سکتی: چودھری افضل گجر
ملک کی سالمیت اور جغرافیائی حدود کا تحفظ افواج پاکستان کی ذمہ داری ہے
کارکن ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کیلئے دن رات ایک کر دیں، کرپٹ نظام انتخاب کو اسکی جڑ سے اکھاڑ دیا جائیگا
پاکستان عوامی تحریک لاہورکے صدر چودھری افضل گجر کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں گفتگو
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا ہے کہ ملک کی جغرافیائی حدود کا تحفظ افواج پاکستان کی ذمہ داری ہے جبکہ امن و امان کی بحالی کی بنیادی ذمہ داری سیاسی قیادت کی ہے۔ دہشت گردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور پاکستان اسکا بری طرح شکار ہے۔ دہشت گردوں سے مذاکرات کا عمل بہت بڑا ڈرامہ تھا۔ اس ڈرامہ کے ذریعے اب قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جا سکتی۔ بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات اور امن و امان جیسے مسائل کے ذمہ دار نا اہل حکمران اور سیاسی لیڈر ہیں ان میں جرات نہیں کہ ملک و قوم کیلئے ایسی پالیسیاں بنا سکیں جن کے نفاذ سے دہشت گردی کے فتنے کی جڑ کاٹی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک لاہور کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید، ثناء اللہ، الطاف رندھاوا اور حاجی اسحق بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام محراب ومنبر سے لوگوں کو صحیح اسلامی تعلیمات سے آگاہ کریں، انسانی جان ومال کی حرمت کی اہمیت اسلامی تعلیمات کے تناظر میں بیان کریں۔ اسلام امن، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے جبکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ پاکستانی قوم امن پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال و دہشت گردی، بم دھماکے، خودکش حملے، روپے کی قدر میں کمی، مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کا بحران ایسے مسائل ہیں جنہیں حکومت کو چیلنج سمجھ کر حکمت و دانائی سے حل کرنا تھا مگرموجودہ حکمران ویثرن سے عاری اور نا اہل ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پوری قوم کو شعور دیا کہ موجودہ کرپٹ نظام کے اندر رہتے ہوئے عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے اور اب ساری قوم ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کے ساتھ متفق ہو کر ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہونے کیلئے کشاں کشاں چلی آ رہی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے کارکن ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ ملک سے عوام دشمن نظام کا بستر گول کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ویثرن کو عوام تک پہنچانے کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹانا کارکنوں پر فرض ہے۔ ملک کوقائد اعظم ؒ کا حقیقی پاکستان بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف اور دیگر عالمی اداروں کے سامنے کشکول اٹھا کر پھر رہے ہیں انکی اپنی کوئی حکمت عملی نہیں۔ آئی ایم ایف کے قرض سے غریب عوام پر براہ راست بوجھ پڑتا ہے جبکہ حکمران طبقہ اسی پیسے کو اپنی عیاشیوں پر خرچ کرتا ہے۔ اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور حکومت کے پاس کوئی واضح معاشی پالیسی نہیں ہے۔ معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کو اسکی جڑ سے اکھاڑ دیا جائے اور غریب عوام کو حقوق انکی دہلیز پر مل سکیں۔
تبصرہ