منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اب تک ایک کروڑ سے زائد کی امدادی اشیاء متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں۔ امجد علی شاہ

مورخہ: 14 مارچ 2014ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن متاثرین کیلئے صاف پانی، ادویات، سہولیات اور کھانے پینے کا انتظام کر رہی ہے
عوام سندھ کے متاثرین قحط سالی کیلئے دل کھول کر مدد کریں
امجد علی شاہ کی تھر متاثرین کیلئے بنائی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ تھرپارکر کے کئی علاقے شدید قحط سالی کی لپیٹ میں ہیں، صوبہ سندھ تھرپاکر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ضلع مٹھی کے 2600 گاؤں سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ جہاں ہزاروں افراد خاندان سمیت نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں، فصلیں تباہ ہو گئیں ہیں، بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ بھوک اور امراض سے سینکڑوں بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ قحط زدہ علاقوں سے ہزاروں متاثرہ خاندان میلوں پیدل چل کر مختلف شہروں میں ڈیرے ڈال رہے ہیں۔ ان حالات میں ڈاکٹر طاہر القادری کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے تھر کے متاثرین کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کے کاموں کا آغاز کر دیا ہے اور اب تک ایک کروڑ سے زائد کی امداد متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں تھر متاثرین کیلئے بنائی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر عین الحق بغدادی، خرم شہزاد، عبد الحفیظ چوہدری، رفیق نجم، تنویر احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں ننگر پارکر، مٹھی، اسلام کوٹ میں میڈیکل کیمپ اور عارضی خیمہ بستیاں لگانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جہاں بیمار لوگوں کو طبی امداد اور عارضی رہائش و کھانا بھی دیا جائیگا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن متاثرین کیلئے صاف پانی، ادویات، سہولیات اور کھانے پینے کا انتظام کرے گی۔

امجد شاہ نے کہا کہ تھر متاثرین کی بحالی کیلئے لاہور سمیت پورے پاکستان میں تنظیمات کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ وہ قحط سے متاثرہ ہم وطنوں کیلئے فنڈز کولیکشن کیمپس لگائیں تا کہ زیادہ سے زیادہ راشن، ادویات اور فنڈز اکٹھے کر کے متاثرین سندھ کو بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں متاثرین کیلئے 10 ٹرک امدادی سامان بھجوا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر فلاحی ادارے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں لیکن یہ امداد متاثرہ افراد کی بڑی تعداد کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ امجد شاہ نے قوم سے اپیل کی کہ وہ متاثرین قحط سالی کیلئے دل کھول کر مدد کریں۔ ساری قوم کو ایک بار پھر اسی ایثار اور جذبے کا مظاہرہ کرنا ہو گا جو انہوں نے 2010 کے متاثرین سیلاب کیلئے کیا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top