سپین: بنگلہ دیشی کمیونٹی کے زیراہتمام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں محفل میلاد کا انعقاد

مورخہ: 09 مارچ 2014ء

9 مارچ 2014ء بروز اتوار منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں مقامی بنگلہ دیشی کمیونٹی کے زیر اہتمام محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کی گئی جس میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی مسلمانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام میں خواتین کی شرکت کے لئے الگ سے باپردہ انتظام بھی موجود تھا۔محفل میں بنگلہ دیشی کمیونٹی کی دعوت پر برطانیہ سے تشریف لانے والے مفتی حسین احمد، منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے امام حافظ محمد معروف اور منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے خطاب کیا۔منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکرٹری جنرل بلال یوسف، ناظم منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا چوہدری پرویز اختر اور حاجی لیاقت علی نے بھی محفل میں شرکت کی۔

محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کے بعد مختلف نعت خوانوں نے بنگالی زبان میں بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ محفل کے مہمان خصوصی اور بنگلہ دیشی کمیونٹی کے معروف خطیب مفتی حسین احمد (برطانیہ) نے عقیدہ توسل اور سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے خطاب کا موضوع بنایا، انہوں نے قرآنی آیات اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حوالہ دیتے ہوئے مسلمانوں کے لئے حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیگر عظیم ہستیوں کے وسیلہ کی ضرورت و اہمیت پر سیر حاصل گفتگو کی، اس موقع پر انہوں نے احوالِ صحابہ کی روشنی میں عقیدۂ صحیحہ کی اہمیت اور معجزات نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بھی گفتگو کی، انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عقیدۂ اہل سنت کے تحفظ، دفاع اور فروغ کے لئے خدمات کو سراہا اور اپنی گفتگو میں اُن کی مختلف تصانیف کا حوالہ بھی دیا، آخر میں تمام حاضرین کو اردو اور بنگالی زبان میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتابوں کے مطالعہ کی خصوصی طور پر تلقین کی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری متعدد کتابوں کا بنگالی زبان میں ترجمہ ہو چکا ہے اور مزید کتابوں پر کام جاری ہے۔

منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے اپنی گفتگو کے دوران قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے دورِ حاضر میں اتحادِ امت کی اہمیت کو اجاگر کیا جبکہ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے امام و خطیب حافظ محمد معروف نے بنگلہ دیشی کمیونٹی کو اس عظیم الشان محفل کے انعقاد پر خصوصی مبارک باد دی۔ محفل کے اختتام پر شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا جس کا احسن انتظام منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے ناظم اجتماعات حاجی محمد افضل اور ان کی ٹیم کے افراد نے بنگلہ دیشی کمیونٹی کے نوجوانوں کے تعاون سے کیا۔

رپورٹ: راجہ محمد وقاص

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top