گوجرہ: پاکستان عوامی تحریک کی مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی

مورخہ: 22 مارچ 2014ء

گوجرہ (21 مارچ 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام غربت، بے روزگاری، مہنگائی، دہشت گردی، اور اداروں کی غیر آئینی نجکاری کے خلاف ہزاروں افراد کی تاریخی عوامی احتجاجی ریلی پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض کی زیر قیادت نکالی گئی۔ ریلی میں رہنما پاکستان تحریک انصاف رانا سبطین، پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال اور مرکزی نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس قادری نے خصوصی شرکت کی۔

پاکستان عوامی تحریک پاکستان کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نام نہاد جمہوری حکمران جن کا نعرہ تھا کہ ہم ہوم ورک کر کے آئے ہیں، ملک سے بے روزگاری، غربت اور دہشت گردی آتے ہی ختم کر دیں گے مگر افسوس کہ آج مہنگائی، بیروزگاری اور دہشت گردی پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ آج ملک و قوم کے بچے بھوک سے مررہے ہیں اور کوئی ان کا حال پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ غربت اور بے روزگاری سے تنگ ہیں وہ ڈاکٹر طاہر القادری کی ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت میں شامل ہو جائیں، ان شاء اللہ بہت جلد یہ مروجہ ظالمانہ نظام جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور غریب کو اس کی دہلیز پر حقوق دلائیں گے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رانا سبطین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خاں حقیقی تبدیلی کے خواہشمند ہیں تو ان کو ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ چلنا ہو گا۔

ریلی سے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال اور نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن رانا محمد ادریس قادری نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top