اندرون سندھ ہندو برادری کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ سہیل احمد رضا

مورخہ: 31 مارچ 2014ء

منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں اقلیتوں کے مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے مصروف عمل ہے
حکومت وقت تمام غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے

شریعت اسلامی اور آئین پاکستان میں ملک کی تمام مذہبی اقلیتوں کے معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں مذاہب عالم کے مابین مکالمے کا فروغ اور وطن عزیز میں بسنے والے تمام مذاہب کے پیروکاروں کے مقدس مقامات کے تحفظ اور ان کے سماجی حقوق کیلئے عملی طور پر مصروف عمل ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری امن و محبت کا دوسرا نام ہیں۔ بین المذاہب مکالمے کے فروغ اور کامیابی کیلئے برداشت اور دوسرے مذہب کے وجود کو دل سے تسلیم کرنا بہت ضروری ہے۔ ہمیں تعلیمی نصاب میں یہ بات اجاگر کر کے نئی نسل تک پہنچانی چاہیے اور اس جذبہ کو پروان بھی چڑھانا چاہیے۔ اندرون سندھ میں ہندو برادری کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے ملک دشمن عناصر جو ہماری مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں انہیں فوراً گرفتار کر کے سزا دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے مرکزی سیکرٹریٹ پر پاکستان ہندو ویلفیئر کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر منوہر چاند، پنڈت بھگت لال، ارون کمار کے علاوہ حیدر آباد کے ہندو راہنما ویرچی کہولی، کرشن کمار اور انند کمار سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام حقیقی تصور میں اعلی انسانی اقدار کے حامل معاشرہ کے قیام کا پیغام لے کر آیا ہے۔ پیغمبر اسلام در حقیقت پیغمبر انسانیت ہیں جنہوں نے اسلامی ریاست کی مذہبی اقلیتوں کو معاشرے میں وہی مقام عطا کیا جو اسلامی معاشرے کے عام شہریوں کو حاصل ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تمام مذہبی اقلیتوں کی جان، مال، عزت، ان کی مذہبی عبادت گاہوں اور تمام مذہبی حقوق کے تحفظ کو ریاست مدینہ کے آئین کا حصہ بنایا ہے۔ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top