لاہور: منہاجینز کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح

مورخہ: 30 مارچ 2014ء

مؤرخہ 30 مارچ 2014ء کو کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ ’منہاجینز‘ کی نئی ویب سائٹ www.minhajians.org کا افتتاح سربراہ منہاجینز / چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کیا۔ انہوں نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم کو عالمی معیار کے مطابق منہاجینز کی بہترین ویب سائٹ بنانے پر خصوصی مبارکباد دی۔ یہ تقریب منہاجینز جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون پر منعقد ہوئی۔ اس موقع پر شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروری، صدر منہاجینز علامہ رانا محمد ادریس، ناظم منہاجینز علامہ غلام مرتضیٰ علوی، فرانس سے آئے ہوئے منہاجین حافظ محمد اقبال اعظم، منہاج انٹرنیٹ بیورو کے ڈائریکٹر عبدالستار منہاجین، محمد عباس نقشبندی، علامہ محمد حسین آزاد، سینئر منہاجین سعید احمد انجم، فیڈرل منہاجینز کے نمائندہ عمر ریاض عباسی، سینئر نائب صدر فیڈرل منہاجیز فورم ساجد حسین، مدثر حسین اعوان، حافظ غلام فرید، ایم آئی بی سٹاف ممبر محمد یامین مصطفوی اور پاکستان بھر سے آئے ہوئے منہاجینز بھی موجود تھے۔

اس ویب سائٹ پر منہاجینز کا تعارف، تاریخی پس منظر، سرپرست منہاجینز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، سربراہ منہاجینز ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاجینز علامہ رانا محمد ادریس کے خصوصی پیغامات، منہاجینز کا مکمل تنظیمی ڈھانچہ، منہاجینز پروفیشنل ونگز کا تعارف، منہاجینز کی ملکی و بین الاقوامی سرگرمیاں، فاضلین کی سیشن کے حساب سے فہرست، جملہ فاضلین کی پروفائل اور کانووکیشنز کی تفصیلات، منہاجینز فورم، نمایاں منہاجینز، بیرون ملک منہاجینز، مرکزی سیکرٹریٹ پر اور عوامی تعلیمی منصوبہ میں خدمات سرانجام دینے والے منہاجینز اور منہاجینز کی تصانیف کو الگ الگ فہرستوں کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ فارغ التحصیل طلباء کی منتخب فہرستیں شائع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو اس کالج کا صحیح معنوں میں تعارف ہو سکے اور وہ یہ جان سکیں کہ یہاں داخلہ لینے والے طلباء کا مستقبل کس قدر تابناک ہوتا ہے۔

اس ویب سائٹ کی اہم خصوصیت ہر سیشن کے منہاجینز کا دنیا بھر میں آن لائن کوائف و تعارف، پی ایچ ڈی منہاجینز کی فہرست اور اندرون و بیرون ملک اہم عہدوں پر تعینات منہاجینز کا الگ سے تعارف و خدمات کا ذکر ہے۔

ویب سائٹ میں ایک اور اہم خصوصیت "سرچ" کا فنکشن ہے، جو صارف کو کسی بھی منہاجین کے نام، سیشن، عارضی و مستقل پتہ، تعلیمی ڈگریوں، مرکز پر قیام، بیرونِ ملک قیام، ادبی سرگرمیوں اور ذوقِ مطالعہ وغیرہ کے تحت تلاش کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس کے علاوہ ویب سائٹ کے مواد میں موجود کسی بھی لفظ کو سرچ کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ منہاج انٹرنیٹ بیورو کی طرف سے اب تک تحریک منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات، تعلیمی ادارہ جات اور لٹریچر پر مبنی انگلش، اردو اور عربی زبان میں 60 سے زائد ویب سائٹس کے علاوہ مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبوں کے لئے دو درجن کے قریب سافٹ ویئرز بنائے جا چکے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top