بارسلونا (سپین) کے پاکستانی 5 اپریل کو سوشلسٹ پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں: محمد اقبال چوہدری

سپین (راجہ محمد وقاص) بارسلونا کے پاکستانیوں کو ہفتہ 5 اپریل 2014ء کے روز ہونے والے سوشلسٹ پارٹی بارسلونا کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے، ان خیالات کا اظہار منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے گزشتہ روز منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر نوید احمد اندلسی اور سیکرٹری جنرل بلال یوسف سے ملاقات میں کیا، انہوں نے کہا کہ سپین کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سیاسی جماعت نے (ملکی و غیر ملکی) تمام شہریوں کو اپنے انتخابات میں حصہ لینے کا موقع دیا ہے اس لیے 5 اپریل کو بارسلونا کی دیگر کمیونٹیز کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کا ہر فرد بھی اپنے ووٹ کا حق بھر پور انداز سے استعمال کرے، انہوں نے کہا کہ ہسپانوی باشندوں کے بعد بارسلونا شہر میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے مگر بدقسمتی سے مقامی سیاست سے عدم دلچسپی کے باعث اتنی بڑی تعداد میں ہونے کے باوجود ہماری کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اپنی گفتگو کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ بارسلونا کے پاکستانی نوجوانوں کو مقامی سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ہر ادارے میں ہماری نمائندگی ہو۔

واضح رہے کہ سوشلسٹ پارٹی کاتالونیا نے بارسلونا کی مئیر شپ کے لیے 2015 میں ہونے والے انتخابات کے امیدوار کے چناؤ کے لیے بارسلونا شہر کے تمام شہریوں کو اپنے انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی ہے، جس کے پہلے راؤنڈ میں 5 امیدواروں نے حصہ لیا اور جاؤما کوژبونی Jaume Collboni فاتح قرار پائے تاہم پارٹی کی طرف سے طے کردہ اصولوں کے مطابق 40 فیصد ووٹ حاصل نہ کر سکنے کی وجہ سے اُن کو دوسرے راؤنڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی امیدوار Carmen Andres کے ساتھ مقابلہ کرنا پڑے گا، جس کے لیے سوشلسٹ پارٹی نے 5 اپریل بروز ہفتہ کی تاریخ مقرر کی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top