11 مئی انقلاب کا نقطہ آغاز ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری
11 مئی 2014ء کو انقلاب کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا
انقلاب ہی واحد آپشن ہے اب حکمرانوں سے بات نہیں عوامی ٹیک اوور ہوگا
حکمرانوں کو مزید 6 ماہ کی مہلت دی گئی تو ریاست کو سنوارنا نا ممکن ہو جائے گا
حکومت نے دہشت گردوں سے برابری کی سطح پر مذاکرات کر کے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 11 مئی انقلاب کا نقطہ آغاز ہو گا۔ ضلعی سطح پر پاکستان عوامی تحریک کے مظاہروں میں ہر جگہ لاکھوں افراد شرکت کر کے کرپٹ استحصالی نظام پر عدم اعتماد کر دیں۔ حکومتیں ریاست کے استحکام اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرتی ہیں مگر افسوس موجودہ حکمران ریاست اور عوام دونوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ حکمرانوں کو مزید 6 ماہ کی مہلت دی گئی تو ریاست کو سنوارنا، نا ممکن ہو جائے گا۔ حکومت نے دہشت گردوں سے برابری کی سطح پر مذاکرات کر کے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ دہشت گردوں کو ماورائے آئین و قانون رہا کیا جا رہا ہے۔ حکومت کو یہ مینڈیٹ کس نے دیا ہے؟۔ حکومت رہا کئے جانیوالے دہشت گردوں کے نام عوام کو کیوں نہیں بتا رہی۔ وہ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال سے ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 11مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔ پوری قوم کو قبل ازوقت بتا دیا تھا کہ جمہوریت کے ساتھ بد ترین مذاق ہونے جارہا ہے۔ 11 مئی 2014ء کو انقلاب کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ پوری قوم پر امن سبز انقلاب کی تیاری کرے جلد انقلاب کی کال آنے والی ہے۔ ایک کروڑ انقلابیوں کا ریلہ نام نہاد سیاستدانوں کو ان کی کرپشن سمیت تنکوں کی طرح بہا لے جائے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمران قومی اثاثوں کو بیچنے کے مکروہ دھندے میں ملوث ہیں۔ عوام کا مستقبل بیچنے والوں کے دن گنے جاچکے۔ انقلاب ہی واحد آپشن ہے اب حکمرانوں سے بات نہیں ہوگی عوامی ٹیک اوور ہوگا۔ پرامن عوامی ٹیک اوور کے بعد حقیقی جمہوریت کا آغاز ہوگا۔
تبصرہ