جہلم: ریاست پاکستان کے تحفظ اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا عوامی مظاہرہ

ریاست پاکستان کے تحفظ اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان عوامی تحریک نے ملک بھر میں ضلعی سطح پر تمام شہروں میں مظاہرے کئے۔ ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح جہلم میں بھی بھرپور مظاہرہ کیا گیا، جس میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے عہدیداران و کارکنان سمیت مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

احتجاجی ریلی سے صدر پاکستان عوامی تحریک ضلع جہلم سلیم احمد چوہدری، مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ محمد شعیب طاہر، ڈویژنل کوآرڈینیٹر راولپنڈی جاوید اصغر، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم صفیہ رفعت اور ناظمہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز طیبہ طاہرہ سیمت دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے خلاف زبان درازی بیرونی ایجنڈا ہے۔ پاکستان کے دفاعی اداروں پر حملہ ریاستِ پاکستان پر حملہ ہے۔ پاک فوج کے جوانوں کی ذمہ داری ریاست پاکستان کی حفاظت ہے۔ آج ان کے مورال کو کم کرنے کی ناپاک سازش ہو رہی ہے، بعض میڈیا پرسنز، وزراء اس مذموم اور گھٹیا ملک دشمنی پر مبنی کام پر متعین کئے گئے ہیں اور وہ پاک فوج کے ادارے کے خلاف انتہائی شرمناک اور توہین آمیز کلمات کہہ رہے ہیں۔ ایسا شرمناک عمل واضح طور پاکستان دشمن ایجنڈا لگتا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ فوج مخالف تقریروں کا سکرپٹ لوکل نہیں باہر کا تیار کردہ ہے اور یہ صرف دفاعی اداروں نہیں بلکہ ریاست پاکستان کے خلاف دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ اس قدر زہر تو پاکستان کی افواج کے خلاف دشمن ملک کے وزراء نے بھی کبھی نہیں اُگلا۔ وزراء ذاتی حیثیت میں اتنا بڑا اقدام نہیں کر سکتے یہ حکومت کی ڈبل گیم ہے۔ موجودہ حکمرانوں کا ہمیشہ یہ طرز عمل رہا ہے کہ اقتدار میں آ کر خود کو مضبوط کرنے کیلئے پاک فوج اور پاک عوام سے ٹکر لیتے ہیں۔ آنے والے وقت میں آرمی کُو نہیں بلکہ عوام کا بہت بڑا Putsch ہوگا، عوامی ٹیک اوور ہوگا۔

مقررین نے کہا کہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ، غربت اور دہشت گردی سمیت درجنوں مسائل حکومت کی توجہ کے متقاضی ہیں، مگر حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔ اپوزیشن نے تمام تر مسائل کے ہوتے ہوئے چپ سادھ رکھی ہے جو عوام کی نظر میں سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کو دوام عوامی تائید سے ملتا ہے مگر حکومت اور اپوزیشن دونوں اس فلسفہ سے بے نیاز عوام کش پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسائلستان بن چکا ہے۔ عوامی مسائل کے حل کی طرف توجہ نہ دی گئی تو جلدعوام کا بپھرا ہوا سیلاب سب کچھ بہا لے جائے گا۔ پوری قوم پرامن سبز انقلاب کی تیاری کرے، جلد انقلاب کی کال آنے والی ہے۔ ایک کروڑ انقلابیوں کا ریلہ نام نہاد سیاستدانوں کو ان کی کرپشن سمیت تنکوں کی طرح بہا لے جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top