آئین میں دیے گئے حقوق واپس لینے کیلئے عوام 11 مئی کو سڑکوں پر نکلیں۔ حافظ غلام فرید
ڈاکٹر طاہرالقادری ریاست کے تحفظ کا آئندہ لائحہ عمل 11 مئی کو دیں گے
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے ناظم حافظ غلام فریدنے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری ریاست کے تحفظ کا آئندہ کا لائحہ عمل 11 مئی کو قوم کے سامنے پیش کریں گے۔ آئین میں دیے گئے حقوق واپس لینے کے لئے عوام 11 مئی کو سڑکوں پر نکلیں تو دنیا کی کوئی طاقت حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کے خلاف عوامی احتجاج کا راستہ نہیں روک سکے گی۔ حکمران ڈریں اس دن سے جب عوام کا غیض و غضب حکمرانوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک واہگہ ٹاؤن لاہور کے عہدیداران سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چوہدری افضل گجر، الطاف رندھاوا، حاجی اسحق اور ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا موقف پوری قوم کے سامنے ہے۔ کرپٹ سیاست ایک بار پھر ریاست کو روندنے کی تیاریاں کر رہی ہے مگر پاکستانی قوم ایسا ہر گز نہیں ہونے دے گی۔ آئین میں دیے گئے حقوق واپس لینے کیلئے عوام 11 مئی کو سڑکوں پر نکلیں۔گھروں میں جلنے مرنے سے کچھ نہیں ملے گا، غاصبوں سے حق چھیننا ہوں گے۔ قوم کو ریاستی اداروں کی حفاظت کیلئے نکلنا ہو گا۔ ملک سے غربت کے خاتمے کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ رشوت ستانی کا بازار گرم ہے۔ انصاف ناپید ہے حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ اس صورتحال میں قوم کو اپنا مقدر بدلنے کیلئے شعور کی آنکھ کھول کر باہر نکلنا ہو گا کیونکہ موجودہ حکمران انہیں دائمی غلامی کی جانب دھکیل رہے ہیں۔
تبصرہ