یونان: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام عظمت صدیق اکبر کانفرنس کا انعقاد

مورخہ: 02 مئی 2014ء

جامع مسجد علی رضی اللہ عنہ و مرکز منہاج القرآن کپسیلی میں عظیم الشان محفل عظمت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ منعقد کی گئی۔ جامع مسجد علی رضی اللہ عنہ و مرکز منہاج القرآن کپسیلی میں 26 اپریل بروز ہفتہ بعد نماز عصر عظیم الشان محفل عظمت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ منعقد کی گئی۔ محفل میں ایتھنز بھر سے کثیر تعداد میں عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا جس کی سعادت حافظ ساجد محمود نے حاصل کی۔ اور محفل میں ایتھنزکے معروف ثناء خوانوں نے بھی خصوصی شرکت کی جن میں محمد شہزاد، یاسر عمران قادری، محمد زبیر قادری اور صدر منہاج القرآن نعت کونسل یونان سجاد حسین قادری نے خوبصورت انداز میں بارگاہ رسالت ماٰب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں خصوصی کلام پیش کیا۔ محفل میں منہاج القرآ ن انٹر نیشنل یونان کے مرکزی قائدین جن میں صدر منہاج القرآن انٹر نیشنل یونان رانا محمد وقار خاں، ناظم نشر و اشاعت مرزا محمدامجد جان، ناظم ممبر شپ محمد آصف قادری (کروپی)، ناظم مالیات ارسلان خرم چیمہ اور ناظم رابطہ محمد اسلم چوہدری نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر قاری مدثر مصطفی (خطیب مسجد علی رضی اللہ عنہ ) نے عظمت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ میں دنیا میں ہر شخص کے احسان کا صلہ دے چکا ہوں مگر ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے احسانوں کا صلہ قیامت کے دن دوں گا اور حدیث مبارکہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہر نبی کے دنیا میں دو وزیر ہوتے ہیں اور میرے دو وزیر ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور عمر فاروق رضی اللہ عنہ ہیں۔ ایک مقام پر عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے متعلق بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عالم یہ تھا کہ دوران نماز آپ رضی اللہ عنہ نے مصلہ چھوڑ دیا اور مقتدی صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین نے اپنے رخ قبلہ سے پھیر دیے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرہ مبارک کو دیکھنے میں مست ہو گئے۔ مگر نماز نہ ٹوٹی۔

آخر میں پیغام دیتے ہوئے قاری مدثر مصطفی نے کہا کہ صحابہ کرام نے ساری زندگی نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تابعداری کی۔ ان کا جینا مرنا فقط مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے تھا۔ کیونکہ ہمیں قرآن پاک بھی مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ملا اور اللہ کا اللہ ہونا بھی مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پتا چلا اور قبر میں بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر جنت یا جہنم کا فیصلہ کیا جائے گا اور حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری بھی ساری دنیا میں ایک ہی پیغام عام کر رہے ہیں کہ لوگو عشق سرکار کی اک شمع جلا لو دل میں، بعد مرنے کے لحد میں بھی اجالا ہوگا۔ محفل میں قیصر شہزاد کی طرف سے حاضرین کے لئے خصوصی لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا اور اختتام پر عالم اسلام کے لئے اور ملک پاکستان کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: مرزا امجد جان (ناظم نشر و اشاعت منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top