عوام نے لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر آ کر یہ ثابت کر دیا کہ وہ تبدیلی اور انقلاب چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 12 مئی 2014ء

فیصل آباد ( ) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام گزشتہ سال ہونے والے نام نہاد، غیر آئینی الیکشن کمیشن اور ان کے نتیجہ میں وجود میں آنے والی غیر آئینی حکومت، دہشت گردی، لوٹ مار، کرپشن، اقرباء پروری، منافع بخش قومی اداروں کی نجکاری، قومی اداروں میں ٹکراؤ کی سازش، بدترین لوڈشیڈنگ اور جان لیوا مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی ریلوے اسٹیشن چوک تا گھنٹہ گھر منعقد ہوئی۔ ریلی کی قیادت صوبائی صدر پاکستان عوامی تحریک پنجاب چوہدری بشارت جسپال، مرکزی نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس، ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک رانا طاہر سلیم خاں، ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک میاں عبد القادر، صوبائی آرگنائزر پاکستان عوامی تحریک وکلاء ونگ ہارون الرشید نوشاہی ایڈووکیٹ، ضلعی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ سید ہدایت رسول شاہ، ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن میاں کاشف محمود نے کی۔ ریلی میں پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی اور پاکستان عوامی تحریک کے موقف کی تائید کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ قائداعظم و سابق وزیر تعمیرات و مواصلات چوہدری ظہیر الدین خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ علاوہ ازیں سُنی اتحاد کونسل، پاکستان سُنی تحریک، سُنی تحریک، مجلس وحدت المسلمین، شیعہ علماء کونسل، آل پاکستان مسلم لیگ، سپاہ مصطفیٰ پاکستان، لیبر قومی موومنٹ، میلاد کمیٹی جناح ٹاؤن، تحریک عشقِ رسول نے بھی شرکت کی۔

ریلی سے قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پُرامن انقلاب کے بعد ظلم کی تاریک رات ختم ہو جائے گی۔ گڈگورننس اور شفافیت کے نظام کو جمہوریت کہتے ہیں لیکن یہ پاکستان میں دونوں ناپید ہیں۔ جمہوریت لوگوں کے ووٹ کے تقدس کو کہتے ہیں کرپٹ حکمران تو پیسہ اور طاقت کے زور پر اسے خریدتے تھے۔ عوام نے لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر آ کر یہ ثابت کر دیا کہ وہ تبدیلی اور انقلاب چاہتے ہیں۔ میں عنقریب پاکستانی قوم کو انقلاب کی کال دوں گا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر چوہدری بشارت جسپال نے کہا کہ آج کی ریلی موجودہ حکومت پر عدم اعتماد ہے۔ حکومت کی طرف سے اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود عوام کا کثیر تعداد میں سڑکوں پر آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی امیدوں پر پورا نہیں اُتری بلکہ بُری طرح ناکام ہو گئی ہے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو تحفظ دینے اور عوامی مسائل حل کرنے میں بُری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ ہر طرف کرپشن کا راج ہے۔ وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم قوم کے ساتھ جعلی منصوبوں کی تشہیر کرکے قوم کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں۔ حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔

ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک رانا طاہر سلیم خاں نے کہا کہ آج کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا عوام کا سمندر اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی مسائل کا حل صرف ڈاکٹر طاہرالقادری کے پاس ہے اور جلد عوامی قوت کے ساتھ مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہوگا۔

ضلعی امیر سید ہدایت رسول شاہ نے کہا کہ کشکول توڑنے کا دعویٰ کرنے والی حکومت نے ڈرم پکڑ لیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پچھلے سال تک 60 ارب ڈالر کا قرضہ تھا لیکن موجودہ حکومت نے ایک سال میں 24 ارب ڈالر کا قرضہ لے لیا ہے جس سے آنے والی نسل پر مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔

ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن میاں کاشف محمود نے کہا کہ جتنی مہنگائی ایک سال کے دوران ہوئی ہے پچھلے 66 برسوں میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی اور یوٹیلٹی بلز میں جتنا اضافہ نوازشریف گورنمنٹ نے کیا ہے اتنا اضافہ بھی پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔

ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک میاں عبدالقادر نے کہا کہ موجودہ حکومت انڈیا کے ساتھ اپنے کاروباری مراسم قائم کرنے کے عوض پاکستانی فیکٹریاں بند کروا رہی ہے جس سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوئے ہیں اور ملکی معیشت بُری طرح تباہ ہوئی ہے۔

صوبائی آرگنائز وکلاء ونگ پاکستان عوامی تحریک ہارون الرشید نوشاہی ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج عوام کا عدلیہ سے بھی اعتماد اُٹھ گیا ہے۔ ریلی سے صدر ٹریڈر ونگ میاں انعام الرحیم، صدر وکلاء ونگ چوہدری ناصر حبیب ایڈووکیٹ، صدر ویمن لیگ باجی فاطمہ سجاد نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top