انسانیت کی تکریم، فلاح، اور تربیت کا نظام وجود میں آئے گا تو ہی انقلاب آئے گا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

ادارہ " بیت الزہراہ" کا قیام ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویلفیئر سٹیٹ کے ویثرن کی عملی تصویر ہے
غریب بچیوں کی تعلیم و تربیت اور رہائش کے ادارہ "بیت الزہراہ" کی نئی 5 منزلہ کشادہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ جب ملک میں انسانیت کی تکریم، فلاح، اور تربیت کا نظام وجود میں آئے گا تو ہی انقلاب آئے گا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بلا امتیاز رنگ و نسل انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری انسانیت کی فلاح و بہبود اور یتیموں و بے سہاروں کی مدد ایسے انداز میں کر رہے ہیں کہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت یتیم و بے سہارا بچوں کے ادارہ" آغوش" کے بعد غریب بچیوں کی تعلیم و تربیت اور رہائش کیلئے منفرد اور جدید منصوبے کا ادارہ "بیت الزہراہ" کا قیام ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویلفیئر سٹیٹ کے ویژن کی عملی تصویر ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ایسے خوشحال معاشرے کی تعمیر چاہتے ہیں جس میں نادار و مفلس کی مدد انکا حق سمجھ کر کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن شپ میں غریب بچیوں کی تعلیم و تربیت اور رہائش کے ادارہ " بیت الزہراہ" کی نئی 5 منزلہ عصر حاضر کی جدیدترین سہولیات سے آراستہ کشادہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن امجد علی شاہ، صدر MWF یورپ حافظ اقبال اعظم، بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، عدنان جاوید، فیض عالم، جواد حامد، غلام مرتضیٰ علوی، ڈاکٹر ثمر فاطمہ اور مدثرہ جعفر بھی موجود تھیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ دنیا میں بڑی بڑی عمارتیں بنتی ہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کا وجود ختم ہو جا تا ہے لیکن کچھ لوگ ایسی عمارتیں تعمیر کرتے ہیں جن کا نام و نشان اگر مٹ بھی جائے تو انکو بنانے والوں کا نظریہ زندہ رہتا ہے۔ بیت الزہراہ کی اس عمارت کی تعمیر اسی فلاسفی کے تحت ہوئی ہے۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ملک بھر میں "آغوش" اور بیت الزہراہ " جیسے ادارے تعمیر کرے گی۔ کئی شہروں میں اس حوالے سے زمین حاصل کر لی گئی۔ جب ملک بھر میں ایسے ادارے ہوں گے تو ایسا معاشرہ وجود میں آئے گا جس پر انسانیت کو فخر ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عہدیداران کو ان کی غیر معمولی خدمات کے حوالے سے شیلڈیں بھی دی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top