ڈاکٹر طاہرالقادری کا جولائی میں واپس آنے کا اعلان

مورخہ: 25 مئی 2014ء

دس ہزار عوامی انقلاب کونسلز تشکیل دے کر ایک کروڑ انقلابیوں کو جلد تیار کریں گے
عوامی مسائل کا حل انتخاب نہیں انقلاب ہے
دس لاکھ افراد کو اقتدار میں شریک کریں گے
دو چار حلقوں کی دھاندلی کے لیے نہیں بلکہ 65 سالوں سے ہونے والی دھاندلیوں کے خلاف نکلیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری

عوامی مسائل کا حل انتخاب نہیں انقلاب ہے۔ ادارے عوام کے لیے نہیں اشرافیہ کے لیے ہیں ظالم حکمرانوں کی طاقت عوام کی بے بسی، غربت، جہالت اور مایوسی ہے۔ دو چار حلقوں کی دھاندلی کے خلاف نہیں بلکہ 65 سالوں سے دھاندلی کر نے والوں کے خلاف نکلوں گا عوام کو اقتدار اور وسائل میں شراکت داری کے لیے سبز عوامی انقلاب کے لیے جولائی میں واپس آرہا ہوں۔ دس ہزار عوامی انقلاب کونسلز تشکیل دے کر ایک کروڑ انقلابیوں کو جلد تیار کریں گے۔ گذشتہ روز قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنی پارٹی کی سلور جوبلی کے موقع پر کہا۔ انہوں نے کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستان میں 853 مقامات پرکنونشنز میں شریک لاکھوں کارکنوں کو 11 مئی کے کامیاب عوامی احتجاجی مظاہرے کرنے پر مبارکباد دی انہوں نے کہا موجودہ حکمران دھن دھونس اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں جس کو وہ جمہوریت کہتے ہیں۔ ان کے پاس عوامی مسائل کا کوئی حل نہیں۔ یہ کرپٹ حکمران ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ ان سے چھٹکارا انقلاب کے سوا نہیں ہو سکتا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ملک بھر میں دس ہزار عوامی انقلابی کونسلیں بنائی جائیں گی جو یونین کونسل سے نیچے وارڈ کی سطح تک منظم ہوں گی جن کے ذریعے ایک ماہ کے اندر 50 لاکھ گھرانوں کو انقلاب کا پیغام پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام کئی مہینوں سے ہو رہا ہے اب مزید دو تین ماہ کے اندر ایک کروڑ انقلابیوں کے جماعت تیار ہو جائے گی۔ موجودہ نظام پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ یہ ظالمانہ نظام عوام کے لیے نہیں بلکہ اشرافیہ کے لیے ہے۔ پاکستانی عوام کی بے بسی، مایوسی، غربت اورجہالت کی وجہ سے ظالم حکمران طاقتور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دو چار حلقوں میں دھاندلی کے خلاف نکل کر اپنا وقت ضائع نہیں کروں گا بلکہ میں 65 سالوں سے ہونے والی دھاندلی کے خلاف نکلوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قافلہ انقلاب میں ہر شعبہ زندگی کے افراد شامل ہو کر پاکستان کو ان ظالم حکمرانوں سے بچائیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ وہ جولائی میں واپس آرہے ہیں اور انقلاب لانے تک اپنی جدوجہد کے لیے پاکستان میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کے بعد ہر بے گھر کو مفت گھر، بیروزگار کو باوقار روزگار، میٹرک تک مفت اور یکساں تعلیم، مفت صحت کی سہولیات اور مظلوم کو انصاف اس کی دہلیز پر مفت دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کے بعد عوام کو اقتدار اور وسائل میں شراکت داری دی جائے گی جس کے تحت دس لاکھ افراد کو حکومت میں شریک کیا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ انقلاب کا پیغام لے کر ہر فرد کے پاس جائیں۔ انہوں نے کہا جب شہر شہر سے لاکھوں انقلابی نکلیں گے تو ٹرانسپورٹرز اور پیٹرول پمپ والے ان کے سامنے بے بس ہو جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top