معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امت مسلمہ کیلئے ایک عظیم انعام ہے۔ علامہ فرحت حسین شاہ

مورخہ: 27 مئی 2014ء

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سفر معراج کے ذریعے قیامت تک کیلئے کائنات کو علم و سائنس کے راستے دکھا دئیے
انسانیت پھر سے رفعت اور عروج چاہتی ہے تو علم نافع ہی واحد راستہ ہے

منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ انسانی علم کی صدیوں کی ترقی کے بعد آج سائنس جس بلندی پر ہے وہ بلا شبہ علم کی معراج ہے۔ لیکن انسان اس معراج پر پہنچ کر بھی نظام شمسی کے ایک سیارے کو پار نہیں کر سکا۔ اُس انسان کامل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمتوں کا اندازہ کیسے لگایا جا سکتا ہے جو رات کے چند لمحوں میں مکان و لا مکان کی وسعتوں کو پار کر کے او ادنیٰ کے مقام قرب کی منزلیں طے کر گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سفر معراج علم اور سائنس کی بھی معراج ہے۔ آپ کا سفر ایک ایسا معجزہ ہے جس کو سمجھنے سے انسانی عقل عاجز ہے۔ وہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ "معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس" سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ محمد حسین آزاد، نصیب علی اور علامہ ممتاز احمد صدیقی بھی موجود تھے۔

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں کثیر تعداد میں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ شب معراج آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام انبیاء علیہ السلام کی امامت کا شرف حاصل ہوااورسب پردے فاش ہوے۔ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امت مسلمہ کیلئے ایک عظیم انعام ہے۔ شب معراج انسانی تاریخ کا انتہائی بابرکت سفر تھا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سفر معراج کے ذریعے قیامت تک کیلئے کائنات کو علم و سائنس کے راستے دکھا دئیے مگر بدقسمتی ہے کہ اس کریم آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت سب سے زیادہ جہالت میں گھری ہوئی ہے۔ اسلام کا دامن علم کی ہر ہر جہت سے مالا مال ہے مگر آج مسلمانوں کا دامن علم کے نور سے خالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفر معراج سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اگرآج انسانیت پھر سے رفعت اور عروج چاہتی ہے تو علم نافع ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ اور خصوصاً ملک پاکستان بد امنی، دہشت گردی، قتل و غارت گری اور لوڈ شیڈنگ کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے یہ سارے مسائل دین سے دوری، جہالت اور گمراہی کے سبب ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top