ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب کو ملک دشمن ایجنڈا کہنے والے مولوی کے کردار و عمل سے بچہ بچہ واقف ہے

مورخہ: 28 مئی 2014ء

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے عیاشی کرنے والوں نے آج تک کشمیریوں کیلئے کیا کیا ہے؟
سبز انقلاب کا عوامی ریلا مولانا فضل الرحمن جیسے مفاد پرستوں کے سیاسی گھونسلے بہا لے جائے گا
انقلاب کا سورج رواں سال کے خاتمے سے پہلے طلوع ہو کر رہے گا۔ خرم نواز گنڈا پور

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری حقیقی جمہوریت کے قیام، پاکستانی عوام کو حقوق دلانے اور ریاست پاکستان کے استحکام اور ترقی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب کو ملک دشمن ایجنڈا کہنے والے مولوی کے کردار و عمل سے بچہ بچہ واقف ہے۔ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے عیاشی کرنے والوں نے آج تک کشمیریوں کیلئے کیا کیا ہے ؟ڈاکٹر طاہرالقادری موجودہ کرپٹ اور استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں اور ان کے سیاسی فلسفے کو عوام میں بھر پور پذیرائی مل رہی ہے اس لئے موجودہ کرپٹ نظام کی چھتری تلے عوام کے وسائل سے اپنی آئیندہ نسلوں کا معاشی مستقبل محفوظ بنانے والوں کو شدید اذیت ہو رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمن کرپٹ نظام کو بچانے کیلئے جو اتحاد بنا رہے ہیں اسکی حقیقت عوامی سیلاب کے آگے تنکے سے زیادہ نہیں ہے۔ ڈی چوک کے تاریخی دھرنے کے دوران تخت رائے ونڈ کو بچانے کیلئے جمع ہونے والوں کا ایجنڈا صرف اور صرف ملک اور عوام دشمنی سے عبارت ہے۔ مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کا کردار عوام کے سامنے کھل کر آ چکا ہے اس لئے انکی چیخ و پکار کوئی حقیقت نہیں رکھتی۔ موجودہ نظام اور اسکے محافظوں کے مقدر میں اب ڈوبنا ہی لکھا ہے۔ سبز انقلاب کا عوامی ریلا ایسے مفاد پرستوں کے سیاسی گھونسلے کو اس طرح بہا لے جائے گا کہ انکا نشان بھی باقی نہیں رہے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری عوام کو انکے حقوق دلانے کی جنگ میں ضرور کامیاب ہونگے اور انقلاب کا سورج رواں سال کے خاتمے سے پہلے طلوع ہو کر رہے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top