ارتکاز وسائل و اختیارات کا خاتمہ کئے بغیر حقیقی جمہوریت کا قیام ممکن نہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 08 جون 2014ء

قائد اعظم کے پاکستان کو لٹیروں سے چھڑانے کا وقت آن پہنچا
عوام سڑکوں پر نکلنے کا عزم صمیم کر لیں میری کال جلد آنے والی ہے
کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے، لٹیروں کی منزل جیل ہو گی
حکمرانوں کی بند مٹھیوں سے اقتدار کی ریت تیزی گررہی ہے
منزل انقلاب کیلئے کارکن گرم لُو کی پرواہ کریں نہ ہی زہریلے پراپیگنڈے کو خاطر میں لائیں
ڈاکٹر طاہرالقادری کا PAT پنجاب کے عہدیداران کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ارتکاز وسائل و اختیارات کا خاتمہ کئے بغیر حقیقی جمہوریت کا قیام ممکن نہیں ہے۔ موجودہ نظام 2 فیصد ایلیٹ کلاس کو عیاشی کی زندگی اور 98 فیصد عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھے ہوئے ہے اس لیے اس کا خاتمہ واجب ہو گیا ہے۔ قائدَ اعظم کے پاکستان کو لٹیروں سے چھڑانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ عوام سڑکوں پر نکلنے کا عزم صمیم کر لیں میری کال جلد آنے والی ہے۔ قومی خزانے کو باپ کی جاگیر سمجھنے والوں کے دن گنے جا چکے۔ اس دفعہ کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے، لٹیروں کی منزل جیل ہو گی۔ رواں سال کے خاتمے سے قبل سبز انقلاب اس دھرتی کا مقدر ضرور بنے گا۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے عہدیداران کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر بشارت عزیز جسپال، جنرل سیکرٹری فیاض وڑائچ، مشتاق نو ناری، راجہ زاہد محمود، مشتاق احمد، ذوالفقار چودھری، چودھری ولائت ساہی، راجہ ندیم اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انقلاب کی منزل حاصل کرنے کیلئے کارکن گرم لُو کی پرواہ کریں نہ ہی زہریلے پراپیگنڈے کو خاطر میں لائیں۔ حکمرانوں پر عوامی ریلے کا خوف طاری ہے ان کی بند مٹھیوں سے اقتدار کی ریت تیزی گر رہی ہے۔ بہت جلد لٹیروں کے اقتدار کے تخت کو عوامی ٹھوکر سے گرا دیا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن انقلاب کے آخری فیز کے فائنل مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اس لئے اپنا مورال High رکھیں۔ انقلاب کے فوری بعد اختیارات کی نچلی سطح تک تقسیم کے عمل کو یقینی بنا کر 10 لاکھ افراد کو شریک اقتدار کیا جائے گا اور 10 نکاتی ایجنڈے کو بلا تاخیر نافذ کر دیا جائے گا۔ یقین دلاتا ہوں عوام کو انقلاب کے ثمرات پہلے مہینے سے ہی ملنا شروع ہو جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top