سیالکوٹ: صدر بار کونسل سیالکوٹ کی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس

مورخہ: 18 جون 2014ء

سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والے نہتے شہریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بار کونسل سیالکوٹ کے صدر شاہد میر نے آج ہنگامی پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں وکلا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صدر بار کونسل شاہد میر نے پولیس گردی کے اس درد ناک واقعہ پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور آئی جی پنجاب کے فورا مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر سینئر وکیل ارشد بگو ایڈووکیٹ، ملک جاوید ایڈووکیٹ، ملک ذاکر حسین ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نام دیا۔

انہوں نے کہا کہ یوں لگ رہا تھا کہ جیسے ہم انڈین فوج کے ہاتھوں کشمیری بہنوں کی بربریت پر مبنی کوئی خبر سن رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جابر فوجیوں نے بھی کبھی عورتوں اور ضعیف بوڑھے لوگوں کے ساتھ اتنا ظلم نہیں کیا جتنا پنجاب پولیس کی وردی میں ملبوس شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے غنڈوں نے کیا۔ انہوں نے کہا ایسا واقعہ تاریخ میں نہیں ملتا کہ جہاں معصوم اور نہتی زندگی کی بھیک مانگتی عورتوں کے منہ پر گولیاں چلائی گئی ہوں اور شہید ہونے والوں کو جب ریسکیو کے افراد لیکر جا رہے تھے تو پولیس کی وردی میں ملبوس دہشت گرد غنڈے اوپر سے ڈنڈے مارتے رہے۔

پریس کانفرنس کے بعد سانحہ میں شہید ہونے والوں کیلئے دعا کی گئی اور بعد ازاں کچہری چوک تک ریاستی بربریت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں تمام وکلاء نے متفقہ طور پر اس بات کا مطالبہ کیا کہ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور آئی جی پنجاب فوراً مستعفی ہو جائیں اور اس بربریت کے واقعہ میں ملوث تمام ذمہ دار دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک سیالکوٹ کے نائب صدر ملک یاسر اعوان اور پاکستان عوامی تحریک سیالکوٹ کے سینئر رہنما میاں محمد رضا نے خصوصی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top