ڈاکٹر طاہرالقادری نے وزیر اعظم کو مناظرے کا چیلنج دے کر حکومت کو بند گلی میں دھکیل دیا۔ خرم نواز گنڈا پور

رانا ثناء اللہ کے بعد ان کی ڈیوٹی رانا مشہود بہترین انداز میں ادا کر رہے ہیں
ڈاکٹرطاہرالقادری کے خلاف بیانات کی حیثیت چاند پر تھوکنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے وزیر اعظم کو مناظرے کا چیلنج دے کر حکومت کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ وزیر اعظم کی خاموشی انکی نااہلیت کا پردہ چاک کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس جماعت میں جھوٹوں کی کوئی کمی نہیں۔ رانا ثناء اللہ کے بعد ان کی ڈیوٹی رانا مشہود بہترین انداز میں ادا کر رہے ہیں۔ فوج کے خلاف ہرزہ سرئی کرنے والے وزراء کو آپریشن ضرب عضب ایک آنکھ نہیں بھاتا وہ مجبورا اِس کی حمایت کررہے ہیں۔ دہشت گردوں کی سپورٹ سے الیکشن جیتنے والے اور فو ج کواہل غلیل کہنے والوں کی حقیقت سے عوام آگاہ ہو چکے ہیں۔ پاک فوج پوری قوم کے ماتھے کا جھومر ہے اور ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس وقت بھی آپریشن کو ناگزیر قرار دیا تھا جب ن لیگ مذاکرات کے نام پر دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر کے انھیں پاکستانی عوام اور ملک کے خلاف کاروئیواں کیلئے مزید وقت فراہم کر رہی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رانا مشہود کے ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف بیانات کی حیثیت چاند پر تھوکنے کی کو شش کے سوا کچھ نہیں ہے۔ نظام انتخاب کی تبدیلی کی بات اب ملک کے ہر فرد کی زبان پر ہے۔ رانا مشہود کس کس کے خلاف سازشی بیانات کا شوق پورا کریں گے۔ ن لیگ کے خلاف عوامی نفرت عروج پر پہنچ چکی ہے ن لیگ کو کوئی غلط فہمی ہے تو لاہور کی کسی تنگ شاہراہ پر ہی جلسہ کر کے دکھا دے۔ موجودہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے اس لیے حکومتی وزراء بوکھلاہٹ میں الٹے سیدے بیانات دے کر اپنے آپ کومطمئن کر نے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top