حکومت فوج کو دارالحکومت میں بلوا کر اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہے۔ عمر ریاض عباسی

جو حکمران اپنا دارلحکومت نہیں سنبھال سکتے ان کو اقتدار میں رہنے کاکوئی حق نہیں ہے
عوام کا سمندر عوام دشمن نظام کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے شانہ بشانہ ہوگا

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمرریاض عباسی نے کہا ہے کہ حکومت فوج کو دارلحکومت میں بلواکر اختیارات کاناجائز استعمال کر رہی ہے۔ پاک فوج شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف ’’آپریشن ضرب عضب ‘‘میں مصروف ہے اور حکمرانوں کو اپنے اقتدار کی فکر لاحق ہے۔ اسلام آباد اور ملک کے کسی بھی شہر میں فوج بلوانے کی ضرورت نہ تھی نہ ہے۔ حکمران دارلحکومت نہیں سنبھال سکتے تو جدہ چلے جائیں۔ ایسے نااہل حکمرانوں کو اقتدار پر رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ فیصلے کی صلاحیت سے محروم حکمران تمام فیصلے پارلیمنٹ سے مشاورت کئے بغیر کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ضلعی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے اہم مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرچوہدری اجمل، انصار ملک، ابراررضاایڈووکیٹ، عرفان طاہر، فاروق بٹ، سفیان صابر، عثمان بٹ بھی موجود تھے۔

عمرریاض عباسی نے کہا کہ ملک میں کئی حساس مقامات پر دہشت گردی کے کئی گھنائونے واقعات رونماہو ئے مگر کبھی فوج کو طلب نہیں کیا گیا۔ اب کون سا ایسا حساس اور سنجیدہ واقعہ ہونے جا رہا ہے جس کیلئے آئین کے آرٹیکل 245 کا استعمال کر کے فوج کو طلب کیا جا رہا ہے۔ فوج کبھی بھی حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں کرتی مگر ایسی نا اہل حکومتیں فوج کو مجبور کرتی ہیں کہ وہ حکومتی امور میں مداخلت کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی انقلاب کونسلز کا قیام آخری مراحل میں ہے، انقلاب کی تیاریاں بھی اپنی حدوں کو چھو رہی ہیں۔ عید کے فوراً بعد ڈاکٹر طاہرالقادری انقلاب کی تاریخ کلااعلان کریں گے اور ملک بھر سے عوام کا سمندر عوام دشمن نظام کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے شانہ بشانہ ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top