اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام عزم انقلاب کنونشن
تحریک صوبہ ہزارہ کے بانی و سرپرست اعلی بزرگ سیاست دان بابا حیدر زمان نے کہا ہے کہ ہمارا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا ایک ہے، ہم بھی صوبہ ہزارہ کا قیام چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک میں 35 صوبے بناکر حقیقی جمہوریت کاقیام چاہتے ہیں۔ انقلاب ہی ملک کے مسائل کاحل ہے، موجودہ نظام میں ووٹ کے ذریعے تبدیلی نہیں آسکتی۔ موجودہ کرپٹ نظام کے تحت ووٹ کے ذریعے بہت تجربے کرلیے، اب ملک مزید تجربات کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے تحت منعقدہ ’’عزم انقلاب کنونشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بابا حیدر زمان نے کہا کہ موجودہ حکمران لٹیرے اور نااہل ہیں، یہ کاروباری طریقے سے ملک کو چلا رہے ہیں، پیسہ ان کا ایمان ہے، غریب عوام کے مسائل حل کرنا ان کا مقصد نہیں ہے۔ تحریک صوبہ ہزارہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی کال کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کی کال پر ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لوگ اپنے حقوق کے لئے نکلیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری آئندہ ایک دو روز میں یوم انقلاب کی کال دینے والے ہیں۔ جس دن ڈاکٹر طاہرالقادری انقلاب کی کال دیں گے، کروڑوں عوام سڑکوں پہ ہوں گے اور آئین اور قانون کے مطابق عوام دشمن حکمرانوں کا تختہ الٹ دیں گے۔ حکمران جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔
عمر ریاض عباسی نے کہا کہ شہداء ماڈل ٹاؤن کا خون اس انقلاب کی آبیاری کرے گا اور شہداء کے خون سے انقلاب آئے گا۔ انقلاب اب سالوں، مہینوں یا دنوں کی بات نہیں انقلاب اب گھنٹوں کی بات ہے۔ یوم انقلاب کے موقع پر پورے ملک کے غریب اور پسے ہوئے طبقات، مرد، خواتین، بچے، بوڑھے، جوان، طلبہ، تاجر مزدور، کسان، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، الغرض ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے عوام و خواص انقلاب کے دن گھروں سے نکل کر 18 کروڑ غریب عوام کو غربت اور استحصالی سامراجی نظام کے شکنجے سے نجات دلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
اس موقع پر ہارون عباسی اور غلام علی خان نے کہا کہ حکمران عوام کو بنیادی سہولیات دینے میں ناکام ہوچکے ہیں اس لئے ریاست اور عوام کے درمیان ہونے والا عمرانی معائدہ ختم ہوچکا ہے۔ حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ اب واپسی نہیں ہوگی، کوئی معاہدہ نہیں ہوگا، صرف انقلاب آئے گا۔ غریب عوام اپنے حقوق کے حکمرانوں سے چھین لیں گے۔ جعلی ووٹوں کے ذریعے منتخب ہونے والی حکومت حق حکمرانی کھو چکی ہے۔ ملک کو پولیس اسٹیٹ بنانے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا۔ انقلاب کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تمام ذمہ داران کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دی جائے گی۔ عوام کو انقلاب میں کلیدی کردار ادا کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
اس موقع پر صدر تحریک صوبہ ہزارہ سردار اقبال خان، قیصر عباسی، راجہ صغیر عباسی، سلیم عباسی، ڈاکٹر اعجاز عباسی، علامہ شمس الدین، جہانگیر عباسی، فیصل عباسی، عادل عباسی اور دیگر مہمانوں کے علاوہ ہزاروں معززین علاقہ بھی موجود تھے۔
تبصرہ