حکومت سے مذاکرات ختم، آج یوم انقلاب ہو گا: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 28 اگست 2014ء

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حکومت سے مذاکرات مکمل طور ناکام ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ’’یوم انقلاب ‘‘ ہے اب فیصلہ صرف عوام کریں گے۔

حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے بعد دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ گورنر سندھ اور پنجاب نے مسئلے کے حل کے لیے روز اول سے کوششیں کی اور آخری رات تک اپنی کوششیں جاری رکھیں جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں کیونکہ حکومت غیر سنجیدہ ہے اسے امن سے محبت نہیں، نوازشریف اور شہبازشریف کی خاندانی بادشاہت قائم ہے وہ آئینی، قانونی، جمہوری اور اخلاقی طریقوں پر یقین نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ٹیم سے مذاکرات میں کہا تھا کہ دو شرائط فوری طور پر پوری کی جائیں جن میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت 21 افراد کے خلاف سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ درج کیا جائے اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف فوری استعفیٰ دیں مگر حکومتی ٹیم نے ہمیں وزیراعظم کی طرف سے شرائط نہ ماننے سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ مقتولین کے ورثا اور مظلوموں کا حق ہے جس کا حکم عدلیہ نے بھی دیا ہے اور اب ہر اعتبار سے واجب ہے کہ اس کی ایف آئی آر درج کی جائے اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری استعفیٰ لیا جائے تاکہ سانحہ کی غیر جانبدارانہ، آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات ہوسکیں لیکن وزیراعظم نے ہماری شرائط نہیں مانیں، حکومت وزیراعلیٰ کا استعفیٰ تو دور کی بات مظلوموں کی ایف آئی آر کٹوانے کو بھی تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات مکمل طور پر ختم ہوچکے اور اب یہ دروازہ بند ہوچکا ہے، اب کوئی حکومتی نمائندہ ہمارے پاس آنے کی تکلیف نہ کرے ہم نے امن، جمہوریت اور مذاکرات کو آخری حد تک موقع دیا لیکن حکمرانوں کی نیت میں لوگوں کو عدل و انصاف دینا نہیں ہے۔

قائد پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ اب ہم پر سے مذاکرات کا اخلاقی بوجھ ختم ہوچکا ہے ہم نے آخری حد تک اس فریضے کو نبھایا اور عمران خان نے بھی اسی وجہ سے اپنا اہم اعلان ملتوی کیا لیکن اب ہم اپنا فیصلہ کریں گے۔ طاہرالقادری نے کہا کہ ہم نے پر امن مذاکرات کو حد سے بڑھ کر موقع دیا، ہم سے کوئی شکوہ شکایت نہیں کرسکتا، اب عوام فیصلہ کریں گے، آج یوم انقلاب ہے اور آج میں اپنا آخری اور تاریخی خطاب کروں گا ہم اب عوام کو زیادہ نہیں بٹھائیں گے بلکہ فیصلہ کریں گے، اب عوام کا جرگہ تشکیل دیا جائے گا اور وہ جرگہ جو فیصلہ کرے گا اس پر ہی عمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج عوام کی تقدیر کے فیصلے کا دن ہے، عوام گھروں سے نکلیں یہ میری آخری اپیل ہے۔

ذرائع: ایکسپریس نیوز

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top